امریکہ، چین کے سربراہوں میں ”ورچوئل“ ملاقات کی تیاریاں
واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ اور چین کے سربراہوں جو بائیڈن اور ژی جن پنگ کے درمیان ”ورچوئل“ ملاقات کرانے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ کے سینئر حکام کے مطابق یہ ملاقات رواں سال کے اختتام سے پہلے ہو گی جس کی حتمی تاریخ کا تعین کیا جا رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس ذرائع نے بتایا ہے سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ میں وائٹ ہاؤس کے سکیورٹی ایڈوائزر جیک سلیون اور چین کے فارن پالیسی ایڈوائزز یانگ جچچی کے درمیان بدھ کے روز چھ گھنٹے کی طویل ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اگرچہ اس ملاقات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں لیکن واشنگٹن کے سکیورٹی مبصرین دو بڑی طاقتوں کے سربراہوں کے درمیان اس ”رسمی رابطے“ کو بہت اہمیت دیتے ہیں جن کے خیال میں اس سے امریکہ اور چین کے درمیان جاری موجودہ کشیدگی کو کم کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ یاد رہے امریکہ اور چین کے موجودہ سربراہوں کے درمیان اسوقت سے روابط قائم ہیں جب وہ دونوں نائب صدر تھے۔ گزشتہ ماہ صدر بائیڈن نے اپنے چینی ہم منصب کیساتھ فون کال پر باقاعدہ ملاقات کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
ورچوئل ملاقات