متھرا پولیس کی کاوش کامیاب، مخالف فریقین کے مابین جائیداد تنازعہ ختم

متھرا پولیس کی کاوش کامیاب، مخالف فریقین کے مابین جائیداد تنازعہ ختم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(کرائم رپورٹر) رورل ڈویژن پولیس نے تھانہ متھرا کی حدو د میں جائیداد تنازعہ کو فریقین کی باہمی رضا مندی کے ساتھ حل کرلیا، دونوں فریقین کے مابین عرصہ دراز سے جائیداد کی ملکیت پر تنازعہ چلا آ رہا تھا جس سے شدید جانی نقصان کا اندیشہ تھا، ڈی ایس پی ورسک فدا حسین، تھانہ متھرا پولیس اور جرگہ مشران کی کوششوں سے تمام رنجشوں کو ختم کراتے ہوئے جائیداد کا متفقہ حل نکال لیاگیا ہے جبکہ گزشتہ روز دونوں فریقین آپس میں بغلگیر ہوکر آئندہ کے لئے باہمی پیار و محبت کے ساتھ رہنے کا عہد کیا، اس موقع پر دونوں فریقین سمیت، جرگہ مشران،علماء کرام اور دیگر عمائدین علاقہ نے پولیس کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے علاقہ میں جاری دیگر تصفیہ طلب مسائل اور رنجشوں کو ختم کرنے میں پولیس کا ساتھ دینے کا عہد کیا تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ورسک فدا حسین کی سربراہی میں تھانہ متھراپولیس، مقامی علماء کرام اور علاقہ عمائدین پر مشتمل جرگہ نے شہر کے نواحی علاقہ خٹ کلے میں فریقین رحیم شاہ اور خیبر خان کے مابین عرصہ دراز سے جاری جائیداد تنازعہ کو خوش اسلوبی اور دونوں فریقین کی باہمی رضا مندی کے ساتھ حل کرلیا ہے، اس ضمن میں گزشتہ روز تھانہ متھرا کی پولیس چوکی اصحاب بابا میں خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جہاں دونوں فریقین نے پولیس، مقامی علماء کرام اور دیگر افراد کے سامنے ساری تلخیوں کو بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ باہم بغلگیر ہوئے اور آئندہ کے لئے بھائیوں کی طرح زندگی بسر کرنے کا عہد کیا، اس موقع پر مقامی علماء کرام، جرگہ مشران اور دیگر شرکاء نے پولیس کی کاوشوں کی تعریف کی اور آئندہ کے لئے علاقہ میں دیگر افراد کے مابین جاری تنازعات کے حل میں پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کا بھی یقین دلایا