عثمان بزدار کا قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے قومی دن کے موقع پر پیغام
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے قومی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کو آنے والا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کا ہولناک زلزلہ تھا۔16 سال بعد بھی اس بدترین زلزلے کی تباہی ذہنوں پرنقش ہے۔ زلزلے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کیساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ثابت کیا کہ وہ آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اترتی ہے۔ قوم نے زلزلے سے متاثرہ بھائیوں کی کھلے دل سے مدد کرکے ایثار و قربانی کی مثال قائم کی۔ہماری حکومت نے تین برس میں پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں ریسکیو سروس کا دائرہ کارنچلی سطح پر لیکر گئے ہیں۔پنجاب میں پہلی بار ریسکیوایئر ایمبولینس شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کی صورت میں موثر رسپانس میکانزم ضروری ہے۔ تربیت یافتہ ہیومن ریسورس ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔ یہ دن منانے کا مقصدعوام کو احتیاطی تدابیر اور بچاؤ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔
قدرتی آفات