ماضی میں ٹوتھ برش بیچنے والا اب 13 ہزارکروڑ کا مالک، بالی ووڈ میں شاہ رخ سے بھی امیر کون؟

Oct 08, 2024 | 12:42 PM

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ انڈسٹری کے امیر ترین افراد کی فہرست مرتب کی جائے تو سب سے پہلا نام ہمارے ذہنوں میں شاہ رخ خان اور بگ بی امیتابھ بچن جیسی شخصیات کا آتا ہے۔
لیکن آپ کو جان کر یقیناً حیرت ہوگی کہ بالی ووڈ کی امیر ترین شخصیت کوئی اداکار نہیں بلکہ ’پان سنگھ تومر‘،’ تھینک یو‘، ’ مرد کو درد نہیں ہوتا‘ سمیت کئی کامیاب فلمیں بنانے والے پروڈیوسر رونی اسکریو والا ہیں۔
فوربز کی جانب سے جاری رپورٹ میں رونی اسکریو والا کو بالی ووڈ کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
رپورٹ میں رونی اسکریو والا کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.55 بلین ڈالر یعنی تقریباً 13 ہزار کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ رونی بھارتی سنیما سے منسلک وہ واحد ارب پتی ہیں جن کی جائیداد کی مالیت 13 ہزار کروڑ بھارتی روپے ہے۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر بھوشن کمار کا ہے جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.2 بلین ڈالر ہے، اس کے بعد آدتیہ چوپڑا اور شاہ رخ خان ہیں جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 850 ملین ڈالر سے زائد ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رونی اسکریو والا ہمیشہ سے ہی اتنے امیر نہیں تھے، رونی نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک ٹوتھ برش بنانے والے کاروبار سے کیا لیکن 1970 کے بعد بھارت میں سنیما کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے رونی نے ٹیلی ویژن پروڈکشن کمپنی میں 37 ہزار بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کی جس کے بعد رونی کے پروڈکشن ہاؤس میں کئی کامیاب فلمیں تیار کی گئیں۔
2012 میں رونی نے اپنی یہ کمپنی ڈزنی کو 1 بلین ڈالر میں بیچ دیا جو کہ سنیما کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل کہلائی۔
بعد ازاں رونی نے آر ایس وی پی موویز قائم کی اور پھر رونی کی نئی پروڈکشن کمپنی سے بالی ووڈ فلم ’اڑی‘ اور ’کیدر ناتھ‘ جیسی فلمیں تیار کی گئیں۔

مزیدخبریں