سیکرٹری داخلہ پنجاب  کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے پیش نظر  اہم فیصلے

Oct 08, 2024 | 09:11 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ہدایت کی ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے پیش نظر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ فارن نیشنلز کی سیکیورٹی کیلئے تمام پروٹوکولز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ ادارے انٹیلی جنس شیئرنگ ایس او پیز پر عمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سول سیکرٹریٹ میں امن و امان بارے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور تمام متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کہا کہ پنجاب حکومت اور تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔  قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

 سیکرٹری داخلہ پنجاب نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ شرپسندوں کو شکنجے میں لانے کیلئے مؤثر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جائیں۔ اس دوران تمام نجی ہوٹلز کیلئے ہوٹل آئی سافٹ وئیر سے منسلک ہونا لازم قرار دیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس اور انتظامیہ یقینی بنائیں کہ تمام نجی ہوٹلز ہوٹل آئی سافٹ کے سرکاری پورٹل سے منسلک ہوں۔

مزیدخبریں