مصباح الحق کو ریٹائرمنٹ کے مشورے دینے والے غلط ہیں:رمیض راجہ

مصباح الحق کو ریٹائرمنٹ کے مشورے دینے والے غلط ہیں:رمیض راجہ

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیض راجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے مصباح الحق کا مستقبل اب بھی موجود ہے اور ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔رمیز راجہ کا یہ موقف بعض سابق ٹیسٹ کرکٹرز سے مختلف ہے جو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کی شکست کے بعد مصباح الحق کو کپتانی یہاں تک کہ کرکٹ ہی کو خیرباد کہنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔رمیزراجہ نے کہا کہ مصباح کی قیادت میں تازہ ترین نتائج یقینا اچھے نہیں ہیں لیکن پاکستان کی موجودہ بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے وہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ ٹیم کوان کی اب بھی ضرورت ہے۔وہ انتہائی تجربہ کار بیٹسمین ہیں جو سخت دباﺅ میں بھی بیٹنگ کر سکتے ہیں ، گوکہ بعض اوقات وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پاتے لیکن ظاہر ہے کہ وہ روبوٹ نہیں ہیں ۔رمیز راجہ نے کہا کہ فی الوقت کوئی بھی ایسا کھلاڑی نظر نہیں آ رہا ہے جو ان کی جگہ لے سکے اور جب تک کوئی نیا باصلاحیت بیٹسمین نہیں مل جاتا مصباح کو ٹیم سے باہر کرنے کا خطرہ نہیں مول لینا چاہیے ۔سابق کپتان نے کہا کہ عمراکمل اور اسد شفیق اپنے ٹیلنٹ سے مکمل طور پر انصاف نہیں کر پائے ہیں اور یہ بہت تشویش کی بات ہے،ٹیم جب دباﺅ میں ان سے بڑی اننگز کی توقع کر رہی ہوتی ہے تو وہ اپنی وکٹیں گنوا دیتے ہیں ۔ اسد شفیق میں پاور ہٹنگ کی کمی ہے اور انہیں اس کمی کو دور کرنا ہوگا جبکہ عمراکمل جب ضرورت نہیں ہوتی ہے وہ اس وقت لمبی ہٹ مار کر اپنی وکٹ کھو بیٹھتے ہیں ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی