حمزہ شہباز شریف کو عدالت میں طلب کرنے کیلئے اخبار میں اشتہار شائع کرنے کا حکم

حمزہ شہباز شریف کو عدالت میں طلب کرنے کیلئے اخبار میں اشتہار شائع کرنے کا حکم

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے صاحبزادے و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کو عدالت میں طلب کرنے کےلئے سول جج کی طرف سے اخبار میں اشتہار دینے کا حکم جاری کردیا گیا۔ حمزہ شہباز کو عائشہ احد ملک کی طرف سےدائر کئے گئے دعوی میں سول جج لاہور چوہدری غلام مرتضیٰ اوپل کی عدالت سے متعدد بار طلبی کے نوٹس جاری ہکے ہیں مگر حمزہ شہباز شریف نے عدالت کی طرف سے جاری نوٹسز کی تعمیل نہیں کی جس پر گذشتہ روز سول جج درجہ اول چوہدری غلام مرتضیٰ اوپل کی عدالت نے حمزہ شہباز شریف کو عدالت میں طلب کرنے کےلئے مقامی میں اشتہار شائع کروانے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق عائشہ احد ملک حمزہ شہباز کی منکوحہ ہونے کی دعویدار ہے۔ عائشہ احد ملک نے سول کورٹ میں دعویٰ دائر کررکھا ہے کہ حمزہ شہباز اس کا شوہر ہے اور اس سے اجازت لئے بغیر دوسری شادی کرنا چاہتا ہے۔ عدالت اس کو دوسری شادی کرنے سے باز رکھنے کےلئے احکامات جاری کرے کیونکہ شوہر پہلی بیوی سے اجازت لئے بغیر دوسری شادی کرنے کا حق نہیں رکھتا جبکہ دوسری طرف حمزہ شہباز عائشہ احد ملک کے دعویٰ دائر کرنے کے باوجود رابعہ نامی خاتون سے شادی کرچکا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1