بس انتظامیہ سپرے یقینی بنائے گی‘ عمل نہ کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے‘ شہر کے تمام سرکاری وغیرسرکاری بس اڈوں کے مالکان کو مراسلہ جاری کر دیا گیا
لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی دارالحکومت سے دیگر شہروں کی طرف جانیوالی جنرل ٹرانسپورٹ میںروانگی سے قبل مچھر مار ادویات سپرے کرنے کی شرط عائد کر دی ہے۔ سپرے کو بس اڈا کی انتظامیہ یقینی بنائے گی۔ سپرے نہ کرکے گاڑی روانہ کرنیوالوںکے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔ بس کوچ یا ویگن کو سپرے کے بغیر روانہ کرنیوالوں کی گاڑیاںبھی بند ہوں گی۔ اڈا مالک کے خلاف بھی مقدمہ ہوگا۔ مالک بھی پکڑا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ضلعی حکومت نے شہرکے تمام سرکاری وغیر سرکاری اڈوں کے مالکان کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور سے اپنی ویگن بس کوچز کو روانہ کرنے سے قبل سپرے کریں تاکہ لاہور سے ڈینگی وائرس دیگر شہروں میں منتقل نہ ہوسکے ایسا نہ کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج ہوں گے جس کی چیکنگ کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ ماحولیات پولیس اور ٹاﺅنوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو لاہور کے داخلی راستوں پر چیکنگ کریں گی۔ خلاف ورزی کی مرتکب ٹرانسپورٹ سے سواریاں اتار کر گاڑی ضبط کرلی جائے گی
۔