امریکہ ،ہمارا دشمن ہے،نیٹو سپلائی نہیں چلنے دینگے:منور حسن

امریکہ ،ہمارا دشمن ہے،نیٹو سپلائی نہیں چلنے دینگے:منور حسن

لاہور(پ ر) نیٹو سپلائی اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کے خلاف المرکز اسلامی پشاور سے وزیر باغ تک8کلومیٹر طویل احتجاجی ریلی کے اختتام پر وزیر باغ میں شباب ملی کے زیر اہتمام عظیم الشان یوتھ کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سیدمنور حسن نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ نیٹو سپلائی نہیں چلنے دینگے ۔ امریکہ اور نیٹو افواج ہماری دشمن ہیں۔ انہیں کسی صورت نہ تو اسلحہ فراہم کرنے دینگے اور نہ ہی شراب اور خنزیر سپلائی کرنے دینگے ۔ نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد جماعت اسلامی کے پرچم تلے جمع ہو چکی ہے۔ اب ملک میں تبدیلی اور انقلاب کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انتخابات میں تاخیر کی گئی یا جھرلوکیا گیا تو پوری قوم کو سڑکوں پر لے آئنیگے۔ مرکزی حکومت ہو، خیبر پختونخوا کی حکومت یا پنجاب میں شریف برادران کی حکومت یا بلوچستان کے حکمران ہوں ان سب نے قوم کو مایوس کیا ہے اور انہیں مہنگائی ، بیر وزگاری، کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انشاءاللہ تعالی آئندہ حکومت جماعت اسلامی بنائیگی اور قوم ان لوگوں کو مسترد کردیگی جنہوں نے انہیں مسلسل لوٹا ہے۔ سیدمنور حسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں شکست کھاچکاہے۔ اور کسی کو دہشت گرد قرار دینے سے وہ ہاری ہوئی جنگ جیت نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ڈالروں کے عوض قوم کی آزادی اور خودمختاری کو بیچنے میں مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب سمیت چاروں صوبائی حکومتیں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے نام پر ڈاکوں کے گروہ نے اقتدار پر قبضہ کر کے پوری قوم کو یرغمال بنارکھا ہے۔ پاکستان کو غداروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ملک دشمن قوتوں نے اس کے وسائل پر قبضہ کر کے عوام سے زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں چھین لی۔ شباب ملی ضلع پشاور کے صدر شہزاد احمد نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے ہزاروں نوجوانوں نے کنونشن میں شریک ہو کر ہمارے حوصلوں کو بلند کیا ہے اور انشاءاللہ جماعت اسلامی کے بڑھتے ہوئے قدموں کو اب کوئی قوت نہیں روک سکے گی۔

مزید : صفحہ اول