ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ جائینگے اقتدار ملاتو ڈرون بھی گرائیں گے:عمران خان

ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ جائینگے اقتدار ملاتو ڈرون ...

اسلام آباد(ثناءنیوز ) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی و خود مختاری پر حملہ ہیں اگر اقتدار ملا ا تو ڈرون طیارے بھی گرانے کا حکم دوں گا اور ملکی سلامتی و خود مختاری کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ سے بھی رابطہ کروں گا۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی اور کرپشن کی وجہ سے ہمارا ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں کرپشن اور ٹیکس چوری سے ملکی خزانے کو ساڑھے آٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا پاکستان کے کبھی بھی اتنے برے حالات نہیں ہوئے جتنے ان ساڑھے چار سالوں میں ہوئے ہیں جن ممالک میں ایماندار حکمران ہیں وہی ترقی کر رہے ہیں اور وہاں عوام خوشحال ہیں ہمارے ہاں غیر ذمہ دار حکمران ہیں جب بھی ملک میں کوئی آفت آئی ہے صدر زر داری اور وزیر اعظم ملک سے باہر چلے جاتے ہیں۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ میں آئندہ کبھی بھی فوج کے اقتدار میں آنے پر ان کی حمایت نہیں کروں گا کراچی کے حالات کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے عسکری ونگ پا لے ہوئے ہیں اور وہ اپنے اپنے قاتلوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں عمران خان نے کہا کہ اگر اللہ تعالی نے وزارت عظمی کا منصب دیا تو الطاف حسین اور ذرداری سمیت ان تمام طاقتور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لاﺅں گا جن پر قتل کے کیس ہیں جب تک بڑے بڑے مگرمچھوں کو قانون کے تحت نہیں لایا جائے گا ملک میں انصاف کی حکمرانی نہیں ہو سکتی۔

مزید : صفحہ اول