تعمیراتی کمپنی صدیق کو معاوضہ دینے کی پابند ہے، عہدیدار تحریک انصاف

تعمیراتی کمپنی صدیق کو معاوضہ دینے کی پابند ہے، عہدیدار تحریک انصاف

لاہور (جنرل رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما اور لاہور ریجن کے صدر میاں محمود الرشید نے کہا کہ لیبر قوانین موجود ہیں جس کے مطابق دوران ڈیوٹی وفات پانے والے یا حادثہ کا شکار ہونے والے مزدور کو معاوضہ دینے کی تعمیراتی کمپنی یا محکمہ پابند ہے۔ مرحوم صدیق کا کیس زیادہ توجہ کا مستحق ہے۔ خاموشی سے لاش دفن کرنے کا مقصد حقائق کو دفنانا تھا۔ وہ ”پاکستان“ سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 7 بیٹیوں کے باپ صدیق جیسے مظلوموں اور ان کے لواحقین کی آواز بننا اصل صحافت ہے۔ ”پاکستان“ کے اس کردار کو سلام کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے مگر افسوس اس میں تمام متعلقہ ادارے اور حکمران وہ پنجاب کے ہوں یا مرکز کے سب ناکام ہیں۔ اقتدار میں آ کر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیں گے۔ اس حوالے سے جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے کہ وہ صدیق کی موت کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے فوری ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تسلی بخش ہے۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر ڈاکٹر شاہد صدیق نے بھی واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید : صفحہ اول