مذہب میں ایسے افسوسناک واقعات پر فوری انصاف کا حکم ہے،خواتین رہنما

مذہب میں ایسے افسوسناک واقعات پر فوری انصاف کا حکم ہے،خواتین رہنما

لاہور( لیڈی رپورٹر) جوہر ٹاﺅن میں بلڈوزر کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے مزدور محمد عامر کی ہلاکت کے حوالے سے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے نمائندہ خواتین دستک کی چیرپرسن عاصمہ جہانگیر، بیگم مہناز رفیع اور بلقیس ایدھی نے اس واقع کی بھر پور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ محنت کش لوگ ہمارا سرمایہ ہیں یہ اول محنت ہمارے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ عاصمہ جہانگیر نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقع ہے۔ ہمارے اسلام میں قانون میں اس طرح کے واقعات کے حوالے سے فوری انصاف کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے یہ ظالمانہ کام کیا ہے اس کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچاناچاہیے۔ بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ ہمارے ملک کے حالات روز بروز بگڑتے جارہے ہیں۔جس کی وجہ سے یہاں پر عام آدمی کو حقوق ملنا ناممکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کو کوئی پروا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوری عامرکی ہلاکت افسوس ناک واقع ہے۔ اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے بلقیس ایدھی نے کہا ہے کہ انتہائی دلخراش واقع ہے۔ اب مزدور عامر کے بچوں کی دیکھ بھال کون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوری کارروائی کی جائے۔ تاکہ جو ملزمان ہیں ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

مزید : صفحہ اول