شہزادہ ہیری چار ماہ کے جنگی دورے پر افغانستان پہنچ گئے
کابل (خصوصی رپورٹ) برطانوی شہزادہ ہیری نے چار ماہ پر محیط افغانستان کا کمبیٹ ٹور گزشتہ روز شروع کردیا وہ اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹر بطور ایک گنر نمودار ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ 27 سالہ برطانوی شہزادہ کا افغانستان کا دوسرا ٹور ہے۔ وہ دس روز بعد صوبہ ہلمند سے اپنے فلائنگ مشن کا آغاز کریں گے۔ برطانوی فوج کے مطابق شہزادہ ہیری نے 2007-08ءہی سے ہلمند میں ایئر ٹریفک کنٹرولر کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ جمعہ کے روز جب شہزادہ ہیری افغانستان کے قصبہ لشگرگاہ میں برطانیہ سے طویل سفر کے بعد پہنچے تو پرسکون لیکن معمولی سے تھکے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے انگوٹھا لہر کر اپنی خوشی اور والہانہ جذبات کا اظہار کیا۔ فوج میں شہزادے کو کیپٹن ہیری ویلز کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جنگی یونیفارم میں ملبوس کیپٹن ہیری نے افغانستان پہنچنے کے بعد اپنی100 سٹرانگ یونٹ جوائن کرلی۔ رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری جب صوبہ ہلمند پہنچے تو انہوں نے میڈیا سے کوئی بات چیت کی اور نہ ہی اپنے کئی ہفتوں کے قیام کے حوالے سے تفاصیل بتائیں۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزارت دفاع نے شہزادہ ہیری کے افغانستان کے اس دورے کو خفیہ رکھنے کی بھر پور کوششیں کیں جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان کی آمد کی تشہیر سے وہ اور ان کے دیگر ساتھی مشکل کا شکار ہو سکتے ہیں تاہم ایک آسٹریلوی جریدے نے خبر بریک کردی۔