بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘ تعلقات میں بہتری آئیگی‘ پرویز اشرف

بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘ تعلقات میں بہتری ...

اسلام (این این آئی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،سمت متعین کر دی ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔ جمعہ کی شام وزیراعظم ہاﺅس میں بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں ممالک کے عوام اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی سے سیکھنا چاہیے‘ ہم پڑوسی نہیں بدل سکتے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لئے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور ان کے بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کشمیر سیاچن‘ سرکریک اور دیگر ایشوز کو حل کرنے کی ضرورت ہے لیکن ہمیں ان مسائل کے حل کے لئے مثبت اپروچ اپنانا ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی دہشتگردی انسانیت کے لئے خطرہ ہے ۔ دہشتگردی دونوں ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے ‘ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ملک کا کردار ادا کر رہا ہے اور بہت زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے لئے پاکستان میں سیاسی اتفاق رائے پایا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے انہوں نے حال ہی میں پاکستان کے پارلیمانی وفد کے دورہ بھارت کا حوالہ دیا جس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل تھے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بھارت کے وزیر اعظم اور عوام کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا جبکہ بھارت کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ بھارتی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے ان کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے ساتھ انہوں نے ایک تعلق قائم کیا ہے اور ان کا دورہ بھارت فیصلہ کن لمحہ تھا۔ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ چھ سال کے وقفے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کی بحالی سے ایک مثبت پیغام ملے گا کہ ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے استحکام‘ امن اور خوشحالی کے لئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم سے اتفاق کیا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سازگار ماحول ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ پاکستانی عوام کے لئے بھارتی عوام خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔ انہوں نے بھارت میں ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں کا حوالہ دیا جہاں پاکستانی دستے کا بھارتی دستے کے بعد سب سے زیادہ پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ دونوں ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں‘ اس سے دونوں ممالک کو درپیش مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ بھارت کے ہائی کمشنر شرت سبھروال‘ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سلمان بشیر اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔

مزید : صفحہ اول