بھارتی وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد پُر امن پاکستان پوری دنیا کے مفاد میں ہے نیک خواہشات کا پیغا م لایا ہوں ،ایس ایم کرشنا

بھارتی وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد پُر امن پاکستان پوری دنیا کے مفاد میں ہے ...

 اسلام آباد (آئی این پی ) بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، اسلام آباد ائیرپورٹ پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے ان کا استقبال کیا۔ایس ایم کرشنا کے ہمراہ بھارتی سیکریٹری خاجہ رنجن میتھائی اور دیگر اعلی حکام بھی ہیں۔ بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا امن عمل اور پاک بھارت بات چیت آگے بڑھانے کیلئے پاکستان پہنچے ہیں، وہ صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان باضابطہ مذاکرات(آج) ہفتہ کو ہوں گے جس بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر دونوں وزرا ءگزشتہ ملاقات کا جائزہ لیں گے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر پات چیت ہوگی اسی دوران دونوں ممالک کے درمیان ویزہ شرائط میں نرمی کے معاہدے پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔پاک بھارت مذاکرات میں امن ، سیکیورٹی، اعتماد سازی کے اقدامات، جموں وکشمیر، سیاچن، سر کریک، معاشی و تجارتی تعاون اور وولر بیراج سمیت پانی کی تقسیم کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایس ایم کرشنا اور حنا ربانی کھر(آج ) ہفتہ کو پاک بھارت جوائنٹ کمیشن کی بھی صدارت کریں گے۔ ایس ایم کرشنا کے اعزاز میں وزیراعظم پرویز اشرف کی طرف ظہرانہ جبکہ صدر آصف زرداری کی طرف سے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اتوار کو ایس ایم کرشنا لاہور جائیں گے جہاں وہ میاں برادران سے ملاقاتیں کریں گے اور پھر وہیں سے وطن واپس لوٹ جائیں گے۔ پاکستان پہنچنے کے فوراً بعد اپنے بیان میں بھارتی وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ پرامن دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی خرابی کا باعث بننے والے معاملات کو حل کرنے اور دہشتگردی اور تشدد سے پاک ماحول میں پاکستان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا ہم ایسے مستقبل کی خواہش رکھتے ہیں جس میں دونوں ملکوں دوستانہ ماحول میں تعاون سے بھرپور اور تشدد اور دہشت گردی سے محفوظ تعلقات کے ساتھ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی اعلیٰ قیادت نے دونوں ملکوں کے درمیان معنی خیز مذاکرات کے لیے وزرا ءخارجہ کو مینڈیٹ دیا ہے ۔ایس ایم کرشنا نے ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام لائے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پرامن اور خوشحال پاکستان دونوں ملکوں اور پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا ایسا پاکستان جو نہ صرف خود کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے امن کے ساتھ رہے۔اسلام آباد روانگی سے قبل نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت میں بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ایس ایم کرشنا کا اس سے قبل بھارتی میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ اس دورے سے زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کرنا چاہئے تاہم اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ممبئی حملوں سمیت ان امور پر پاکستان سے بات چیت نہیں کی جائے گی جو تحقیقاتی مراحل سے گزر رہے ہیں۔ ایس ایم کرشنا نے خواہش ظاہر کی کہ سربجیت سنگھ کے معاملے پر پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیادوں پرغور کرے۔

مزید : صفحہ اول