لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے انتخابات کیلئے نیا الیکشن کمیشن مقر ر کردیا

لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے انتخابات کیلئے نیا الیکشن ...

لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی سال2012-13کے انتخابات کیلئے قائم کردہ الیکشن کمیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے نیا الیکشن کمیشن مقرر کر دیا۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے طارق طیب سمیت کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس سے تعلق رکھنے والے 40سے زائد ممبران نے صدر چیمبر آف کامرس ملک ظہیر الحق کی طرف سے قائم کردہ الیکشن کمیشن کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ظہیر الحق اور اسکے حامی گروپ نے من پسند افراد پر مشتمل ٹولہ الیکشن کمیشن مقرر کر دیا ہے تاکہ چیمبر کے انتخابات میں دھاندلی کر کے جیتا جا سکے۔ الیکشن کمیشن نے بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیرضروری اعتراضات لگا کر انتخابات کیلئے درخواست گزاروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے ہیں جس سے الیکشن کمیشن کی جانبداری ظاہر ہوتی ہے، اس لئے الیکشن کمیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ جسٹس خالد محمود خان نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد صدر چیمبر آف کامرس ملک ظہیر الحق کی طرف سے قائم کردہ الیکشن کمیشن کالعدم قرار دے دیا اور حسین المکی ایڈووکیٹ کو نیا الیکشن کمیشن مقرر کر دیا ہے۔ عدالت نے نئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ 20دنوں کے اندر اندرانتخابات کیلئے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ عدالتی حکم کے مطابق نیا الیکشن کمیشن تین ممبران پر مشتمل اپیل کمیٹی قائم کرے گا جو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرے گی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9نومبر تک ملتوی کر دی۔

مزید : صفحہ آخر