موٹر وے پولیس پاکستان میں عالمی معیار کے ڈرائیونگ سکول بنا رہی ہے، رائے الطاف
لاہور (وقائع نگار) موٹر وے پولیس کے روڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ سے ڈرائیونگ کی تربیت لینے والے نہ صرف نئے ڈرائیورز بلکہ پیشہ ور ڈرائیورز بھی ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے بہتر طور پر آگاہ ہوں گے۔ سنٹرل زون میں رحیم یار خان، ملتان، اوکاڑہ اور لاہور گائیڈنس سنٹر پر قائم کئے گئے روڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ بہترین ڈرائیونگ مہارت سکھانے کے علاوہ روڈ سیفٹی شعور کو اجاگر کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ سنٹرل زون کے کمانڈر ڈی آئی جی رائے الطاف نے ایس ایس پی آفس سنٹرل 1 منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی الطاف حسین نے افسران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو شاہرات پر محفوظ سفر مہیا کرنا ہماری ڈیوٹی بھی ہے اور عبادت بھی اور دوران ڈیوٹی روڈ یوزرز کی مشکل میں مدد کرنے سے ذہنی سکون کے ساتھ ساتھ ہمارا ضمیر بھی مطمئن ہوتا ہے کہ ہم ایک اچھا کام کر رہے ہیں۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ مستقبل کی شاہرات کو محفوظ ڈرائیونگ سے ہمکنار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی ہو جس مقصد کے لئے ملک بھر میں جدید اور بہترین روڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ انتہائی ضروری ہیں۔ قومی شاہرات کو حادثات سے محفوظ بنانے اور ڈرائیورز کی عالمی معیار کی تربیت کے لئے موٹر وے پولیس پاکستان بھر میں عالمی معیار کے ڈرائیونگ سکول بنا رہی ہے جن میں سنٹرل زون کے ملتان، اوکاڑہ اور لاہور گائیڈنس سنٹر پر قائم کئے گئے روڈ سیفٹی انسٹیٹیوٹ ڈرائیورز کی بہترین صلاحیتوں کو نکھارنے اور روڈ سیفٹی کے شعور کو اجاگر کرنے میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ڈی آئی جی نے رائے الطاف نے سنٹرل کمانڈر ایس ایس پی مرزا فاران بیگ اور بیٹ کمانڈرز کے ساتھ میٹنگ کی جس میں زونل کمانڈر نے افسران سے کہا کہ موٹر وے پولیس کی لیڈی افسران ہمارے مرد افسران کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں جس کے لئے ان کی خدمات کو برابری کی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔ اس موقع پر اوور لوڈنگ اور لین وائلیشن کو کنٹرول کرنے کے لئے زون میں جاری روڈ سیفٹی مہمات کا جائزہ بھی لیا گیا۔