کاروبار ی ہفتے کے آخری روزتیزی‘انڈیکس میں65پوائنٹس کا اضافہ

کاروبار ی ہفتے کے آخری روزتیزی‘انڈیکس میں65پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (اکنامک رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تین روزہ مندے کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو اتار چڑھاﺅ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 15200کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی، سرمایہ کاری مالیت میں12ارب 59 کروڑروپے سے زائدکا اضافہ ، کاروباری حجم 21.69 فیصد زائد جبکہ 57.54فیصد حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ سندھ کی حکومتی حلیف جماعتوں میں بلدیاتی نظام پر اتفاق رائے ہونے، حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاﺅسز،غیرملکی سرمایہ کاروںاور انفرادی نوعیت سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام اور سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 15310 کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباﺅ، پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 65.43پوائنٹس اضافے سے 15253.96پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر 318کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں183کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں اضافہ ،120کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں کمی جبکہ 15کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 12ارب59 کروڑ 54 لاکھ32ہزار100روپے ہوگئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر38 کھرب 88 ارب 50کروڑ7لاکھ 38 ہزار 636 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر کاروباری حجم 23 کروڑ 1 لاکھ 2 ہزار 940 شیئرزرہا جو،جمعرات کے مقابلے میں4کروڑ 10لاکھ 18ہزار650 شیئرززائد ہے ۔

قیمتوں کے اتارچڑھاﺅ کے حساب سے یونی لیور پاک کے حصص میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے حصص کی قیمت 440.00روپے اضافے سے 9240.00روپے اوریونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت146.00روپے اضافے سے 3269.00روپے پر بندہوئی۔ نمایاں کمی کولگیٹ پامولیو کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت25.00روپے کمی سے1325.00روپے جبکہ نیشنل فوڈزکے حصص کی قیمت 13.13روپے کمی سے 249.50روپے پر بندہوئی۔جمعہ کوٹیلی کارڈ لمیٹڈ کی سرگرمیاں5کروڑ 2لاکھ 53ہزار500شیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرزکی قیمت69 پیسے اضافے سے 3.45اورورلڈ کال ٹیلی کام کی سرگرمیاں 3 کروڑ10 لاکھ 45 ہزارشیئرزکے ساتھ دوسرے نمبرپر رہیں جس کے شیئرزکی 20پیسے اضافے سے 3.24روپے پربندہوئی۔جمعہ کو کے ایس ای30انڈیکس 40.55پوائنٹس اضافے سے 13034.11پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 181.60پوائنٹس اضافے سے 27030.60پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 46.17 پوائنٹس اضافے سے 10772.34 پوائنٹس پر بندہوا۔

مزید : ایڈیشن 1