300 ارب کے خفیہ فنڈز، ق لیگ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواءجمع کرادی

300 ارب کے خفیہ فنڈز، ق لیگ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواءجمع کرادی

لاہور (جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین خاں نے ضلعی حکومتوں کے 300 ارب روپے کے فنڈز خفیہ رکھنے کے گورنر پنجاب کے بیان کی روشنی میں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی ہے ، چودھری ظہیر الدین خاں نے اپنی تحریک میں کہا ہے کہ یہ بات بھی ریکارڈ پر ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان تحریری طور پر آگاہ کر چکے ہیں کہ بار بار تنبیہ کے باوجود ضلعی حکومتوں کو دیئے جانے والے فنڈز کا آڈٹ نہیں کروایا گیا ، چودھری ظہیر الدین خاں نے تحریک جمع کروانے کے بعد اپنے چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کابیان انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ، قوم کے خون پسینے کی کمائی کو کسی سیاسی جماعت کی انتخابی مہم پر خرچ کرنے کی منصوبہ بندی ایک ناقابل معافی جرم ہے ،اس کی اعلیٰ سطحی تحقیق ہونی چاہئیے ، انہوں نے کہا کہ یہ بات ایک حقیقت ہے کہ گزشتہ 4سالوں میں نہ تو ضلعی حکومتوں کا آڈٹ ہوا نہ ہی ضلعی حکومتوں کے فنڈز کا پتہ چلا کہ وہ کہاں گئے ایڈ منسٹریٹرز کی تقرریوں کے بعد بلدیاتی ادارے کرپشن کا گڑھ بن گئے ،انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی واضح ہو گئی کہ سابق ناظمین کی بے ضابطگیوں اور کرپشن کے حوالے سے پنجاب حکومت کی طرف سے جتنی بھی تشہیر کی گئی تھی اس کے مقاصد سیاسی تھے۔

مزید : ایڈیشن 1