اپنی قوم سے لڑی جانے والی جنگ کبھی نہیں جیتی جاسکتی، جنرل (ر) حمید گل

اپنی قوم سے لڑی جانے والی جنگ کبھی نہیں جیتی جاسکتی، جنرل (ر) حمید گل

لاہور (سٹی رپورٹر) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ پاکستان ریاست مدینہ کے رول ماڈل پر بنایا گیا اور میرا ایمان ہے کہ یہ ہمیشہ سلامت رہے گا۔ پاکستان کو درپیش مشکلات کی اصل وجہ دہشت گردی اور معاشی مسائل نہیں بلکہ اصلی دشمن کو نہ پہچاننا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار بطور مہمان خصوصی پنجاب یونیورسٹی میں یوم دفاع کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اکیڈمک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کی جبکہ ڈاکٹر مجاہد منصوری، مولانا محمد زبیر اور اجمل نیازی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ جنرل حمید گل نے کہا ہمیں یہ سمجھ لینا چاہئے کہ اپنی ہی قوم سے لڑی جانے والی جنگ کبھی نہیں جیتی جاسکتی۔ انہوں نے کہا پاکستان دنیا کے بہترین محل وقوع اور بہترین معدنی وسائل سے مالامال ہے اور اس کا دفاع ناقابل یقین حد تک مضبوط ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جس کی بنیاد اسلامی اصولوں اور دو قومی نظریے پر رکھی گئی۔ بطور قوم ہمیں مادی چیزوں سے ماورا ہوکر اپنی صلاحیتوں کو اجاگرکرنا چاہئے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عزت و دولت کا سرچشمہ صرف علم ہے۔ ہماری حکومت کو بھی عوامی جذبات کومدنظر رکھتے ہوئے ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جو اسلامی ضابطوں کے عین مطابق ہوں۔

مزید : ایڈیشن 1