20ویں سینئرمینجمنٹ کورس کے 15رُکنی وفدکا دورہ ریلوے ہیڈ کوارٹر

20ویں سینئرمینجمنٹ کورس کے 15رُکنی وفدکا دورہ ریلوے ہیڈ کوارٹر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار خصوصی) میجرریٹائرڈ عتیق ارشد کی سربراہی میں 20ویں سینئرمینجمنٹ کورس کے 15رُکنی وفد نے ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس لاہور کا دورہ کیا۔ ریلوے حکام نے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کوریلوے امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریلویز کے پسنجر اور فریٹ سیکٹر سمیت تمام شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ ماضی میں پاکستان ریلویزکو بہت سی مشکلات کا سامنا تھا جس کی وجہ سے یہ محکمہ تیزی سے تنزلی کی طرف جارہا تھا ۔ موجودہ حکومت کی پاکستان ریلویز میں گہری دلچسپی ، ریلوے کے محنت کشوں اور افسران کی شبانہ روز انتھک محنت کی بدولت اَب یہ محکمہ دوسرے اداروں کی لیے ترقی کی ایک مثال بن چکاہے۔ پچھلے تین سالوں میں ریلوے کی آمدن 18ارب سے بڑھ کر 36ارب سے زائدہوچکی ہے۔ وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز نے اس محکمے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری اور آمدن میں اضافے کی غرض سے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ سمیت مختلف ماڈلز پر کام کیا ہے جس سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ بریفنگ کے دوران سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور کے تحت ریلوے کے موجودہ ٹریک کی اَپ گریڈیشن ، مختلف سیکشوں پر نئے ٹریک، ملک بھر میں کول پاور پلانٹس کو کوئلہ کی ترسیل بذریعہ ٹرین، ریلوے اسٹیشنوں کی اَپ گریڈیشن ، شاہدرہ تا رائیونڈ گرین کاریڈور، سبی، ہرنائی، خوست سیکشن کی بحالی جیسے منصوبے پاکستان ریلویز کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔ وفد نے پاکستان ریلویز کے آپریشنل معاملات، پسنجر اور فریٹ سیکٹر سمیت انتظامی امور میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ریلوے حکام سے مختلف سوالات کئے۔جن کے خاطر خواہ جوابات پاکستان ریلویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور اور اُن کی ٹیم نے دیئے۔ تقریب کے اختتام پروفد کے شرکاء کوپاکستان ریلویزکی جانب سے شیلڈیں پیش کی گئیں۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی ، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت علی چغتائی، چیف مارکیٹنگ منیجر عبدالحمید رازی، چیف کمرشل منیجر پسنجر خالد خورشید کنور، ڈائریکٹر آئی ٹی فہدرحمن، ڈپٹی چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ گڈز محمود الرحمن لاکھواور ڈپٹی چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ ٹائم ٹیبل فاطمہ بلال سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔