ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی جدید سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی جدید سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( جنرل رپورٹر)مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ڈینگی مریضوں کے علاج اور تشخیص کے لئے ٹیسٹ کی سہولیات کو جدید بنیاد وں پر استوار کیا جا رہا ہے۔ادویات کے ساتھ ساتھ جدید مشینری اور کٹس فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ فوری طور پر مریضوں کی تشخیص اور علاج میں کوئی روکاوٹ پیش نہ آئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ڈینگی مریضوں کی تعداد اور لارواکے سدباب پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور محکمہ صحت کے حکام ایس او پیز کے مطابق ڈینگی کنٹرول کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلی کے ڈینگی کنٹرول پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر وسیم اکرم ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر مختار حسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر فیاض احمد بٹ، چیئرمین وزیر اعلی معائنہ ٹیم عرفان الہی، ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل، پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمر ، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی ڈاکٹرشفیق سرور اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب میاں نجیب اسلم کے ہمراہ ڈینگی مریضوں کی عیادت اور ڈینگی وارڈ کے دوران کہی۔ مشیر صحت پنجاب نے کہاکہ راولپنڈی میں گذشتہ برس ڈینگی مریضوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال انسداد ڈینگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی مریضوں کے علاج اور انہیں تمام ضروری سہولیات مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اجلاس کے دوران ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد ان کے ٹیسٹ اور علاج کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگو کے مریضوں کے لئے بھی ہسپتال میں خصوصی انتظامات کئے جائیں اور عید تعطیلات کے دوران بھی ہسپتالوں میں عملہ ریڈ الرٹ کی پوزیشن پر رہے تاکہ ڈینگی یا کانگو کے مریضوں کی ہسپتال آمد کی صورت میں بلا تاخیر طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔