منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی کے انتظامات مکمل
لاہور(خبر نگار خصوصی) منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عید الاضحی پر ہزاروں چھوٹے بڑے جانوروں کی اجتماعی قربانی کی تیاریاں و انتظامات تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں ۔لاہور میں مرکزی قربان گاہ کاہنہ فیروز پور روڈ پر قائم کر دی گئی ۔مرکزی قربان گاہ میں جانور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ،سینکڑوں گائیں ،بکرے،دنبے اور چھترے ذبح کر کے عید الاضحی پر سنت ابراہیمی کو ادا کیا جائیگا ۔منہاج ویلفیئر کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے ساتھ مرکزی قربان گاہ کا دورہ کیا ،انتظامات کا جائزہ لیا اور اب تک آنے والے جانوروں کی دیکھ بھال سیکیورٹی اور خوراک کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی پر تحریک منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان مرکزی قربان گاہ سے گو شت تیار کر کے غرباء ،مساکین اورضرورت مند افراد کے گھروں تک پہنچائیں گے ۔40سے زائد گاڑیوں کے ذریعے گوشت کی تقسیم کی جائیگی ۔قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے ۔قصابوں کی بکنگ،گاڑیوں کی بکنگ،قربان گاہ کی تیاری اور مختلف ہسپتالوں،یتیم خانوں،جیلوں میں کھانا تیار کر کے بھیجنے کیلئے پکوائی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔امجد شاہ نے بتایا کہ عید الاضحی کے تینوں روز فوری طبی امداد کیلئے تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم اور منہاج کی ایمبولینسیں ہمہ وقت موجود ہوں گی۔