1965کی جنگ میں پاک فضائیہ نے بہادری کی لازوال رقم کی ، ایئر وائس مارشل(ر) فاروق عمر
لاہور(اپنے خبر نگار سے) 1965ء کی جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملاکر جرأت و بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔ اس جنگ میں پاک فضائیہ کا کردار سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے ان خیالات کااظہار جنگ ستمبر1965ء کے مایہ ناز فائٹر پائلٹ ایئروائس مارشل (ر) فاروق عمرنے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں یوم فضائیہ کے موقع پرخصوصی لیکچر ان بعنوان’’پاک فضائیہ کی داستانِ شجاعت‘‘ کے دوران کیا ۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان وکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ ایئروائس مارشل (ر) فاروق عمرنے حاضرین کوملٹی میڈیا کی مدد سے جنگ ستمبر1965ء میں پاک فضائیہ کے کارناموں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جنگ ستمبر1965ء میں پاک فضائیہ نے محدود سائل کے ساتھ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ۔ ہمارے جاں باز دلیر شاہینوں نے دشمن کے حملے کو پسپا کرکے وطن عزیز کی آن بان اور شان کو قائم رکھا۔پاک فضائیہ نے جنگ کے آغازپر ہی بزدل دشمن پر ناقابل شکست فضائی برتری حاصل کرلی اور اس کے بعد جنگ بندی تک بھارتی فضائیہ نے ایک دفعہ بھی پاک فضائیہ کے اس تسلط کو چیلنج نہیں کیا ۔اسی جنگ میں ایم ایم عالم نے کم وقت میں سب سے زیادہ لڑاکا ہوائی جہاز گرانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔موجودہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا تعلق شہداء کے خاندان سے ہے۔آپ کے خاندان میں جذبۂ حب الوطنی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا میرا نوجوان نسل کیلئے یہ پیغام ہے کہ وہ پاکستان سے محبت کریں اور وطن عزیزکی حفاظت کی خاطر ہر وقت قربانی کیلئے تیاررہیں۔خوب تعلیم حاصل کریں اور پاکستان کو دنیائے عالم میں اعلیٰ مقام دلوائیں۔