عیدالاضحی پر چڑیا گھر سمیت تمام تفریح گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات
لاہور(سٹی رپورٹر)عیدالا ضحی کی چھٹیوں کے دوران صوبہ بھرکے پارکس اور چڑیا گھروں کے سکیورٹی انتظامات سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اورسٹاف کی حاضری چیک کرنے کیلئے 9افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں اور اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے اس امر کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد عیاض خان کی زیر صدارت ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا۔باقاعدہ جاری ہونیوالے احکامات کے مطابق ڈپٹی ڈائر یکٹر وائلڈ لائف( پبلسٹی اینڈریسرچ) عامرمسعود کو لاہور چڑیاگھر اور سفاری زو ، ڈپٹی ڈائریکٹر بہاولپور محمد سلیم اختر کو پیرووال اوروہاڑی پارک ، ڈپٹی ڈائریکٹرفیصل آباد ریجن رانا شہبازخان کو چڑیا گھر ڈیرہ غازی خان اور فتح پور پارک لیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سالٹ رینج چکوال ریاض احمد کو لوئی بھیرپارک راولپنڈی اور بانسرہ گلی مری پارک ، ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی ریجن محمد انور مان کو وائلڈ لائف پارک بھاگٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ اوروائلڈ لائف پارک کمالیہ ، ڈپٹی ڈائر یکٹرملتان ریجن ڈاکٹرانورحسین گل کو وائلڈ لائف پارک رحیم یارخان ، بہاولپور چڑیاگھر ، ڈپٹی ڈائریکٹر سر گودھا اظہر سعیدجنجوعہ کووائلڈ لائف پارک بہاولنگر اور ہیڈسلیمانکی اوکاڑہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر گوجرانوالہ ڈاکٹر زاہداقبال خان کو وائلڈ لائف پارک جلواوربریڈ نگ سنٹر چھانگامانگا قصور جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور /ساہیوال ریجن محمد زاہد اقبال وائلڈ لائف پارک /بریڈنگ سنٹرگٹ والا فیصل آباد کو چیک کرینگے خالد عیاض خان نے افسران کو عیدالاضحی کی چھٹیوں میں تفویض کردہ پارکس اورچڑیاگھروں کی چیکنگ کو یقینی بنانے اورہردورہ کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹرہیڈکوارٹرز کوبذریعہ فون ایس ایم ایس اور واٹس اپ کے ذریعہ رپورٹ کرنے اور عید کی چھٹیوں کے اختتام پرتحریری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔