عید پر کراچی میں پیش کئے جانے والے سٹیج ڈرامہ میں پرفارم کروں گا،اچھی خان
لاہور (فلم رپورٹر)لالی ووڈ کے سینئر اداکار اچھی خان نے کہا ہے کہ عید پر کراچی میں پیش کئے جانے والے سٹیج ڈرامہ’’بے بی کو بکرا پسند ہے‘‘ میں پرفارم کروں گا۔اس ڈرامے کے ڈائریکٹر نذر حسین ہیں۔میرے علاوہ اس ڈرامہ میں ذاکر مستانہ سمیت کراچی کے مقامی فنکار کام کریں گے۔میں عرصہ دراز بعد کسی سٹیج ڈرامہ میں پرفارم کرتا ہوا نظر آؤں گا۔میں ان فن فنکاروں میں شامل ہوں جنہوں فلم،ٹی وی اور سٹیج تینوں شعبوں میں کام کیا ہے ۔نئے فنکاروں کی بنیادی تربیت کے لئے فلم،ٹی وی اورسٹیج بہترین درس گاہ ہیں مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نئے فنکار اپنے سینئرز سے کچھ سیکھنا نہیں چاہتے ، دور حاضر کا موجودہ تھیٹر بگاڑ کا شکار ہو چکا ہے ،نان پروفیشنل لوگوں نے فلم اور تھیٹر کی بربادی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے فنکار انتہائی باصلاحیت اور اپنے کام سے عشق کرنے والے لوگ تھے مگر نئے فنکار اپنے سینئرز سے کچھ سیکھنا ہی نہیں چاہتے ۔
اچھی خان کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو بڑھاپے میں جوانی کی نسبت زیادہ توجہ اور احترام کی ضرورت ہوتی ہے مگر افسوس کہ سینئرز کو ہر طرف سے نظر انداز کیا جا تا ہے ۔ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ایسے اقدامات کیے جائیں کہ ان کو آخری عمر میں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے ۔