ٹیوٹا کے اداروں میں زیرتربیت نوجوانوں کیلئے انگریزی سیکھنا لازمی قرار

ٹیوٹا کے اداروں میں زیرتربیت نوجوانوں کیلئے انگریزی سیکھنا لازمی قرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)کے تمام زیر تربیت نوجوانوں کے لیے سپوکن انگلش سیکھنا لازمی ہو گا۔برٹش کونسل صوبہ پنجاب میں ہمارے اساتذہ اور طالب علموں کو ٹریننگ دینے کے لیے ماسٹر ٹرینر زمہیا کرے گی جس کا آغاز آئندہ ماہ سے کیا جائے گا۔انگریزی زبان پر عبور ٹیوٹا کے فارغ التحصیل گریجویٹس کیلئے مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کے مواقع بڑھائے گی۔یہ فیصلہ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں برٹش کونسل پنجاب کے سربراہ مسٹر کیون مکلیون، چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ، عائشہ قاضی ، اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز اور دیگر شریک تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا نے وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق صوبہ پنجاب کے نوجوانوں کیلئے جدیدٹیکنیکل اور ووکیشنل کورسز کا آغاز کر رکھا ہے ۔ٹیوٹا مارکیٹ ضروریات کے مطابق جدیدتربیتی کورسزمتعارف کروا کر نوجوان نسل کوہنر مند بنانے کیلئے بھرپور کاوشیں کر رہی ہے تاکہ ملک سے بے روزگاری اور غربت میں کمی لانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکے۔ ان جدید کورسز سے فارغ التحصیل نوجوانوں کی مانگ نہ صرف مقامی مارکیٹ میں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ہے ۔
جن میں خاص طور پر مشرق وسطیٰ ،جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق بعیدکے ممالک شامل ہیں ۔برٹش کونسل پاکستان کی نوجوان نسل کو انگلش لینگوئج میں مہارت کیلئے کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں اور ٹیوٹا اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گا۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید بتایا کہا کہ انگریزی زبان انسانی وسائل کیلئے مقامی اور عالمی مارکیٹ میں بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بہترین راستہ ہے ۔حکومت بھی اپنے نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی سطح کے مطابق ہنر مند بنانے کیلئے بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔ ٹیوٹا کابرٹش کونسل کے تعاون ہنر مند افراد ی قوت کو انگریزی زبان میں مہارت حاصل کرنے کے بعد روزگار کے یقینی مواقع فراہم کر نے کا اقدام حکومت پنجاب کی پالیسیوں کے عین مطابق ہے اور اس کے یقیناًمثبت نتائج نکلیں گے۔

مزید :

کامرس -