محکمہ زراعت پنجاب کی زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کے خلاف مہم جاری
لاہور(کامرس ڈیسک )محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کے خلاف مہم جاری ہے۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ محمد شہباز نے ایک اطلاع پر کٹار بند روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں طاہر خالد بٹ نامی کی فیکٹری پر کامیاب چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات قبضے میں لے لیں اور ملزمان کے خلاف تھانہ ہنجروالی پولیس چوکی نیاز بیگ میں پیسٹی سائیڈز آرڈیننس کے تحت ایف آئی آر درج کروا د یں ۔ محکمہ زراعت کے پیسٹی سائیڈز انسپکٹر نے موقع سے سگما انٹرنیشنل بہاولپور روڈ، ملتان کے لیبل میں جعلی دانے دار زرعی ادویات مونومی ہائپو اور کارٹیپ کے علاوہ ویل کراپ کیمیکلز ملتان کے لیبل میں جعلی کارٹیپ 4 فیصد دانے دار زہریں اور ان کی پیکنگ کے آلات قبضہ میں لے کر ملزمان میاں احد اسلام معظم، بدر آصف نیازی، فیصل وٹو اور محمد آصف کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا ہے۔ ان جعلی دانے دار زہروں کے نمونہ جات حاصل کرکے کیمیا ئی تجزیہ کے لئے کالا شاہ کاکو کی پیسٹی سائیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوادئیے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ محمد شہباز نے گذشتہ چند دنوں سے مذکورہ فیکٹری کی نگرانی کرتے ہوئے آج علی الصبح فیکٹری پر چھاپہ مارا اور لاکھوں روپے مالیت کی جعلی دانے دار زرعی ادویات اور اس کی تیاری و پیکنگ میں استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لے کر فیکٹری ملازمین کو موقع پر گرفتار کروا دیا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے پیسٹی سائیڈ انسپکٹرز اور فرٹیلائزر کنٹرولرز کو جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔