سمیڈاکے دفتر میں چینی کمپنی اور آل پاکستان بزنس فورم میں معاہدہ

سمیڈاکے دفتر میں چینی کمپنی اور آل پاکستان بزنس فورم میں معاہدہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’سمیڈا‘ کے صدر دفتر میں چین کی زیماکائمن اکنامک اینڈ ٹریڈنگ انڈسٹریل زون مینجمنٹ کمپنی اور آل پاکستان بزنس فورم کے درمیان باہمی تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کی دستاویز پر مذکورہ چینی کمپنی کے ڈائریکٹر پلاننگ مسٹر ہونگ اور آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے دستخط کئے ۔ سمیڈا کی طرف سے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی مشترکہ سربراہی جنرل مینیجر سنٹرل سپورٹ ڈاکٹر نعیم رؤف اور جنرل مینیجر آؤٹ ریچ محمد عالمگیر چوہدری نے کی جبکہ چینی کمپنی کے نمائیندے مسٹر ہونگ اور سمیڈا کے ایکسٹرنل ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ شہر یار طاہرنے اپنے اپنے اداروں کے بارے میں پریزنٹیشن پیش کیں۔چینی کمپنی کے ڈائریکٹر نے اپنی پریزنٹیشن میں بتا یا کہ انکا گروپ چین کے مختلف بڑے شہروں میں کاروباری مراکز بنانے کے منصوبے میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت روائتی سلک روٹ کے ساتھ ساتھ واقع اہم مقامات پر پاکستان سمیت دیگر ملکوں کیلئے مخصوص شاپنگ کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے معاہدے کی رو سے پاکستانی برانڈز کو مذکورہ منصوبے کے اندر شنگھائی کے قریب جیازنگ شہر میں دکانیں اور کاروباری دفاتر کھولنے کے مواقع ہو سکیں گے۔





انہوں نے کہا کہ چین میں پاکستانی مصنوعات کی وسیع مانگ موجود ہے اور حالیہ معاہدے کے تحت جیا زنگ شہر میں دکانیں کھولنے والوں کو رعایتی پیکیج پر دکانیں فراہم کرنے کے علاوہ دیگر سہولیاتی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے اپنے خطاب میں معاہدے کو ممکن بنانے کیلئے سمیڈا کی خدمات کو سراہااور چینی کمپنی کے تعاون کی بھی تعریف کی۔انہوں نے امید کی کہ چین کی مذکورہ پیشکش چین میں پاکستانی مصنوعات کی تجارت کو فروغ دینے کا موجب بنے گی۔سمیڈا کے ایکسٹرنل ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ شہریار طاہر نے کہا بزنس ٹو بزنس رابطوں کو ممکن بنانا سمیڈا کے اغراض ومقاصد کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ معاہدہ چین اور پاکستان کی تاجر برادری کو قریب تر لانے میں کلیدی کردار انجام دے گا۔

مزید :

کامرس -