سی سی پی اوکاعیدا لالضحیٰ تک روزانہ کی بنیادپرسرچ آپریشن کاحکم
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کے موقع پراہم اور حساس عید گاہوں اور ایسے کھلے مقامات جہاں عید کے اجتماعات ہونگے کے ایک کلو میٹر کے سرکل میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن شروع کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان عید گاہوں کے ارد گرد کرایہ داروں کے کوائف کو عید الضحیٰ سے ایک روز قبل مکمل طور پر چیک کر لیا جائے اور کسی بھی گھر یا بلڈنگ میں کوئی غیر متعلقہ شخص رہائش پذیر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ قربانی کی کھالیں صرف ایسی تنظیمیں جمع کر سکتی ہیں جنہیں ضلعی حکومت کی جانب سے این او سی جاری کیا گیا ہو جبکہ کالعدم تنظیموں کو کسی صورت قربانی کی کھالیں جمع نہ کرنے دی جائیں اور جس کالعدم تنظیم کے کارکن یا ورکر کھالیں جمع کرتے ہوئے پائے جائیں ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔سی سی پی او نے کہا کہ اشتہاری ملزمان عید کے موقع پر گھروں میں آتے ہیں لہذا اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لیے خصوصی توجہ دی جائے اور جامع حکمت عملی تیار کریں۔