صرف ایک ہفتے میں سری لنکا کے دو ریکا رڈز پاش پاش
پالی کیلے(اے این این)سری لنکا کے دورے پر گئی آسٹریلوی ٹیم نے ٹی ٹونٹی میچوں میں سری لنکا کا 260 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ پالی کیلے میں کھیلے جا نے والے ٹی ٹونٹی میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے سری لنکا کیخلاف مقررہ 20 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے۔ یہ ریکارڈ توڑنے میں سب سے بڑا کردار گلین میکسویل کا تھا جنہوں نے صرف 65 گیندوں پر 14 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد 145 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ خیال رہے کہ سری لنکا نے 260 رنز کا ریکارڈ 14 ستمبر 2007 کو کینیا جیسی کمزور ٹیم کیخلاف کھیلتے ہوئے بنایا تھا۔ اس میچ میں سنتھ جے سوریا نے 88 جبکہ جے وردھنے نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ سری لنکا نے اس میچ میں کینیا کو 172 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے 443 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔ سری لنکن ٹیم نے یہ ریکارڈ 4 جولائی 2006 کو نیدرلینڈ کیخلاف بنایا تھا۔ سری لنکا نے اس میچ میں نیدرلینڈ کو 195 رنز سے شکست دیدی تھی۔انگلینڈ کی ٹیم نے حال ہی میں یہ ریکارڈ توڑا، جب پاکستان کیخلاف کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں انگلش کھلاڑیوں نے صرف تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 444 رنز بنائے۔ اس میچ کی خاص بات ایلکس ہیلز کی تاریخی بلے بازی تھی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم بیالیس اعشاریہ چار اوررز میں 275 رنز بنا کر آٹ ہو گئی تھی۔سری لنکن ٹیم کے پاس اب صرف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ باقی رہ گیا ہے جو اس نے 1997 میں دورے پر آئی مہمان بھارتی ٹیم کیخلاف بنایا تھا۔ 2 اگست سے 6 اگست تک جاری رہنے والے اس میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا کو 537 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں اتری سری لنکن ٹیم نے بھارتی بولروں کے بخیے ادھیڑ دیے تھے۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ کی خاص بات سنتھ جے سوریا کی تاریخی اننگز تھی۔ انہوں نے 578 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 36 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 340 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ دیگر بلے بازوں میں روشن ماہناما نے 225 جبکہ اروندا ڈی سلوا نے 126 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں بلے باز رہے۔