پاکستانی ہائی کمشنر کی بھارتی وزارت خارجہ طلبی ،گوتم بمبانوالہ سے مبینہ ناروا سلوک پر احتجاج
نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی سفیر عبدالباسط کو طلب کرکے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا نوالہ سے مبینہ ناروا سلوک پراحتجاج کیا۔ بھارتی ہائی کمشنر کو کراچی میں چیمبر آف کامرس کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا تاہم بعد میں انکے دعوت نامے کو منسوخ کر دیا گیا جس پر بھارت آ گ بگولہ ہو گیا اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کر لیا۔بھارتی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو کراچی چیمبر آف کامرس کی تقریب میں شرکت کیوں نہیں کرنے دی جس پر پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو کئی بار دی گئی دعوت بھارتی میزبانوں نے واپس لی ، بھارت میں بھی پاکستانی ہائی کمیشن کی کئی تقریبات کو منسوخ کیا جاتا ہے مگر کبھی پاکستان کی جانب سے شور نہیں مچایا گیا ، بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی دعوتوں کو منسوخ کرنا معمول ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرنے کی کئی تقریبات نہیں ہونے دیں اور ایسی تمام دعوتوں کی منسوخی بھارتی حکومت کے دباو پر کی جاتی ہے ،بھارتی حکومت نے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرنے کی کئی تقریبات نہیں ہونے دیں۔