جنرل راحیل شریف کی تقریر پر بھارتی میڈیا بوکھلا گیا ،دن بھر زہر اگلتا رہا

جنرل راحیل شریف کی تقریر پر بھارتی میڈیا بوکھلا گیا ،دن بھر زہر اگلتا رہا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی یوم پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو میں کی گئی تقریر نے بھارت کی نیندیں اڑا دی ہیں ، پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کی اولین ترجیح قرار دینے پر بھارتی ٹی وی چینلز پر تجزیہ کار ،صحافی اور ہندوستانی دانشور اور سیاست دان پورا اپنے دن دل کی بھڑاس نکالتے اور جنرل راحیل شریف کی تقریر پر تبصروں اور تجزیوں کے ساتھ پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائیوں میں مصروف رہے۔بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال کا ہمیشہ پاکستانی فوج فائدہ اٹھاتی ہے ،گزشتہ دوماہ سے وادی کی کشیدہ صورتحال کا پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت فائد ہ اٹھا رہی ہے ،جنرل راحیل شریف کی تقریر بھی اسی امر کی کڑی تھی ،بھارتی ٹی وی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستانی حکومت اور فوج میں ’’تناؤ ‘‘ کی کیفیت پیدا ہوتی ہے ،پاکستانی فوج عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لئے کشمیر کا مسئلہ کھڑا کر دیتی ہے اور پاکستانی قوم بھی سڑکوں پر نکل آتی ہے ۔بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ دوسری طرف پاک فوج کے دباؤ میں آکر وزیر اعظم نواز شریف نے بھی حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کو شہید قرار دیا تھا اور اب اسی دباؤ کی وجہ سے وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لئے واویلا کر رہے ہیں اور مختلف وفود تشکیل دے کر طاقتور ممالک میں بھارتی فوج اور حکومت کے خلاف محاذ آرائی شروع کئے ہوئے ہیں ۔بھارت کے ایک اور بڑے نجی چینل ’’زی نیوز ‘‘ کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی گذشتہ روز کی تقریر در پردہ الفاظ میں بھارت کو دھمکی تھی ،پاکستانی آرمی چیف کی جانب سے کشمیر کو اپنی ’’شہ رگ ‘‘ قرار دینا اور کشمیریوں کی سفارتی اوراخلاقی محاذوں پر حمائت کرنے کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ وادی کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان براہ راست ملوث ہے ۔بھارت کے وفاقی وزیر ہنس راج اہیر نے ’’زی ٹی وی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اس تمام صورتحال میں بھارتی حکومت کشمیر کے علیحدگی پسندوں کے ساتھ انتہائی سختی سے نمٹے گی ،حکومت حریت قیادت اور علیحدگی پسندوں کے ساتھ بھی دہشت گردوں جیسا سلوک کریگی ،علیحدگی پسند اور حریت قیادت بھارت کو توڑنے کی سازشیں کر رہے ہیں ۔

مزید :

صفحہ اول -