کراچی ،پی ایس 127میں انتخابی دنگل آج ہو گا ،متحدہ اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ
کراچی ( اے این این ) سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 127 میں انتخابی دنگل آج ( جمعرات کو ) سجے گا ٗ ایم کیو ایم کو نشست برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے ٗ پیپلزپارٹی کھوئی ہوئی نشست دوبارہ حاصل کرنے کیلئے سرگرم ہے ٗ حلقے میں مجموعی طور پر 134 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 116کوانتہائی اور حساس قراردے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 127 میں انتخابات آج ( جمعرات کو ) ہونگے ۔ملیر، گڈاپ اور دیگر علاقوں پر مشتمل اس حلقے میں 2لاکھ 7ہزار467 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔پی ایس 127 پر ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم نے سابق رکن سندھ اسمبلی وسیم احمدکو ٹکٹ دیا ہے جبکہ غلام مرتضی بلوچ ،پیپلز پارٹی ،ندیم میمن تحریک انصاف اور مہاجر قومی موومنٹ کے ثنا اللہ قریشی سمیت 20 امیدوار مدمقابل ہیں ۔پی ایس 127 سے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن اشفاق منگی 18 اپریل کو پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔ شہری اور دیہی علاقوں پر مشتمل اس حلقے میں ملیر کھوکھراپار، جعفر طیار، بروہی گوٹھ، سچل گوٹھ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔سن 2002 میں پیپلز پارٹی کے عبد اللہ مراد بلوچ یہاں سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے ۔2004 میں عبد اللہ مراد بلوچ کے قتل کے بعد پیپلز پارٹی یہ نشست دوبارہ نہ جیت سکی جبکہ ایم کیو ایم 3 بار یہ نشست جیت چکی ہے۔انتخابات کے لئے 134 پولنگ اسٹیشن جبکہ 487 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن میں سے 253 مردوں جبکہ234خواتین کے پولنگ بوتھ ہیں۔ پی ایس 127 میں 2 لاکھ 7 ہزار 467ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد مرد ووٹرز جبکہ 91 ہزار سے زائد خواتین ووٹرز ہیں ۔پی ایس 127 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ پولیس کے ساتھ رینجرز بھی پولنگ اسٹیشنز میں تعینات کی جائے گی۔ رینجرز کے افسران کو پولنگ بوتھ پر تعینات کرکے مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔