پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کاپانامہ لیکس کی تحقیقات پرعدم اطمینان ایف بی آر اورنیب کے سربراہان طلب
اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر ایف بی آر اور نیب سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو (آج)جمعرات کو طلب کرلیا،کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود پانامہ معاملے پر پیش رفت نہیں کی جاسکی،عوام کا پیسہ بیرون ملک کیسے لے جایا گیا،ادارے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کریں،جو پیسہ بیرون ملک لے کر گئے۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے( آج) جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں پانامہ کے انکشافات پر ایف بی آر اور نیب سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو طلب کرلیا،نیب اور ایف بی آر کے اہلکار پانامہ معاملات پر اب تک کی ہونے والی پیشرفت سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے پانامہ لیکس سے انکشافات پر کارروائی نہ کرنے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور موقف اختیار کیا کہ عوام کا پیسہ ملک سے باہر لے جانے والوں کے خلاف ان اداروں نے کارروائی کیوں نہیں کی حالانکہ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی کریں جو عوام کا پیسہ ملک سے باہر لے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ پانچ ماہ قبل پانامہ لیکس کے تحت ہونے والے انکشافات میں وزیراعظم نوازشریف کے بچوں سمیت دیگر 600لوگوں کے نام بھی شامل تھے،دوماہ قبل چیئرمین ایف بی آرنثار محمد خان نے کمیٹی کو اس معاملے پر بریفنگ دی تھی۔