جمہوریت میں ہر کسی کو آزادی سے کام کرنے دیا جانا چاہئے،مولا بخش چانڈیو
کراچی ( اے این این ) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں بہت ساری افواہیں زیر گردش اور ڈراؤنی باتیں سننے کو مل رہی ہیں ٗ جمہوریت میں ہر کسی کو آزادی کے ساتھ کام کرنے دیا جانا چاہئے بدقسمتی سے جمہوریت والوں کو بھی خوف پیدا کرنے کا شوق ہے۔کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ملکی حالات میں افواہیں زیر گردش ہیں، جمہوریت میں کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے لیکن ڈراؤنی باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو آزادی کے ساتھ کام کرنے دیا جانا چاہئے مگر بدقسمتی سے جمہوریت والوں کو بھی خوف پیدا کرنے کا شوق ہے، اپوزیشن کا کام جلسے جلوس کرنا ہوتا ہے لیکن حکومت اپوزیشن سے مقابلہ کر رہی ہے۔حکومت کو چاہیے کہ اپوزیشن سے لڑنے کے بجائے پاناما لیکس کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایسے رہنما بھی ہیں جنہوں نے مارشل لا کا عذاب برداشت کیا اور مجھے تکلیفیں برداشت کرنے والے رہنما اچھے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہوئی بلکہ کچھ حکمرانوں نے عوام کو جمہوریت سے مایوس کیا، اپنے دوستوں کی طرف دیکھتا ہوں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں پاکستان کے 22 خاندانوں میں شامل ہوگیا ہوں۔