پاکستان نے انسانی حقوق کونسل اور ریڈ کراس کو کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کر دیا
جنیوا(اے این این)پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اورریڈکراس کی انٹرنیشنل کمیٹی کومقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت سے آگاہ کردیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر اویس لغاری نے جنیوا میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھادیا۔ اویس لغاری نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے صدر چوئی یانگ لم، ریڈ کراس کی انٹرنیشنل کمیٹی کے صدر پیٹر مورر اور دیگر بین الاقوامی سفیروں سے ملاقات کی اور انہیں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔ یو این ایچ سی آر کے صدر سے ملاقات میں اویس لغاری نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہکشمیر میں ہونے والے قتل عام کی تحقیقات کرے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے روشنی میں تسلیم کیا جائے جو متنازع علاقے میں آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کا مطالبہ کرتی ہیں۔ اویس لغاری قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، انہوں نے جنیوا میں اہم عہدے داروں سے ملاقات میں بھارتی فوج کی جانب سے استعمال کی جانے والی پیلیٹ گن کے ہولناک نتائج سے بھی آگاہ کیا جس کہ وجہ سے متعدد کشمیری اپنی بینائی کھو چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قابض فو ج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کشمیریوں کو مناسب طبی امداد بھی فراہم کی جائے۔ اویس لغاری نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کو لکھے گئے خط کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے کشمیرمیں بھارتی فوج کی المناک سفاکیت کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اویس لغاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی صحافیوں سے بھی ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر زیادہ توجہ دیں تاکہ بھارت کو مظالم سے روکا جاسکے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اویس لغاری جنیوا پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے وہاں وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق مسئلہ کشمیر پر بات کی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ اویس لغاری جنیوا میں دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ اویس لغاری بھی ان 20 ارکان پارلیمنٹ میں سے ایک تھے جنہیں وزیراعظم کی جانب سے مختلف ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔