مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحی کے دن سمیت 9ستمبر سے 16ستمبر احتجاجی ہڑتال ہوگی
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے آزادی پسند قائدین علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے عید الاضحی کے دن سمیت 9ستمبر سے 16ستمبر احتجاجی ہڑتال کی اپیل کر دی ہے حریت قائدین نے عید الاضحی کے موقعہ پر ہڑتال میں کوئی ڈھیل نہیں دینے کا غیر معمولی فیصلہ لیتے ہوئے 9ستمبر سے 16ستمبر تک کیلئے ایک اور احتجاجی کلینڈر جاری کر دیا۔ کے پی آئی کے مطابق عید کے روز رواں تحریک کے لیے ایفا ئے عہد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے مشترکہ کلینڈر کے ذریعے عوام ، ائمہ مساجد ، خطیبوں اور محلہ و مساجد کمیٹیوں کے صدور کو احتجاجی پروگراموں پر عمل درآمد کرانے کی تلقین کی ۔ قیاس آرائیوں کے برعکس مزاحمتی لیڈر شپ نے عید الاضحی کے موقعہ پر جاری ہڑتال میں کوئی وقفہ یا ڈھیل نہ دینے کا فیصلہ لیا۔ منگل کی شام جاری کردہ تازہ احتجاجی کلینڈر میں بتایا گیاکہ9ستمبر کو ضلع سطح پر آزادی مارچ اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے جبکہ ا س روز شام کے وقت ہڑتال میں کوئی ڈھیل نہیں ہوگی۔ کلینڈر کے مطابق 10ستمبر کو لوگوں سے نماز ظہر اور عصر کے دوران ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بینر لیکر احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی گئی جبکہ اس روز ہڑتال میں شام کے6بجے ڈھیل رکھی گئی ہے۔ 11ستمبر کے لئے احتجاجی کلینڈر میں بتایا گیا ہے کہ مزاحمتی تنظیمیں اور مساجد کمیٹیاں تمام گاؤں اور علاقوں میں جا کر ضرورتمندوں کی فہرست مرتب کریں ۔
تاکہ عید کے پیش نظر ایسے کنبوں کی مالی معاونت کی جاسکے۔ مزاحمتی کارکنوں اور مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس روز شہداء اور زخمیوں کے گھروں میں جاکر انکی لسٹ بھی مرتب کریں اور انکے لئے عید کے سارے انتظامات کئے جائیں ۔ 11ستمبر کو بھی شام کے وقت 6بجے ہڑتال میں ڈھیل رکھی گئی ہے۔ 12ستمبر جبکہ پوری دنیا میں یوم عرفہ منایا جائیگا تو اس روز مزاحمتی لیڈران نے کشمیری عوام سے دن کے11بجے سے سہ پہر 3بجے تک اپنے اپنے علاقوں میں خصوصی کنونشن منعقد کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ اس دوران حق خود ارادیت اور رواں جدوجہد کے مختلف امورات کو زیر غور لایا جاسکے۔ 12ستمبر کو بھی شام کے وقت 6بجے سے ہڑتال میں ڈھیل ہوگی۔ 13ستمبر جبکہ پوری دنیا میں عید الاضحی کی تقریب سعید منائی جارہی ہے تو اس روز بھی مزاحمتی قائدین سے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑے بڑے عید اجتماعات کے بعد آزادی ریلیوں کا اہتمام کریں جبکہ اس روز اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا 71واں اجلاس بھی منعقد ہو رہا ہے۔ ائمہ مساجد اور خطیبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عید الاضحی کے روز لوگوں سے اس بات کا عہد لیں کہ وہ رواں جدوجہد کو مضبوط کرنے میں اپنا رول ادا کرتے رہیں گے۔ 13ستمبر کو شام کے6بجے ہڑتال میں ڈھیل رکھی گئی ہے۔14، 15اور16ستمبر کو بھی شام 6بجے سے ہڑتال میں ڈھیل ہوگی تو 14ستمبر کو لوگوں سے کہا گیا کہ وہ بانہال سے سلام آباد اوڑی تک اور تمام بین ضلعی راستوں اور شاہراوں پر احتجاجی دھرنوں کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ یہی پر باجماعت نماز ظہر اور نماز عصر ادا کریں۔15 ستمبر کیلئے مزاحمتی لیڈران نے لوگوں سے کہا کہ وہ تمام سڑکوں ، گلی کوچوں ، دیواروں اور دیگر مقامات پر آزادی اور مزاحمتی نعرے تحریر کریں جبکہ نماز ظہر سے نما ز عصر تک احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا جائے۔ 16ستمبر کیلئے دئیے گئے پروگرام میں بتایا گیا ہے کہ لوگ اس روز نزدیکی بڑی جامع مساجد میں نماز ادا کرنے کے بعد احتجاجی جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کریں اور اس بات کا عہد بھی کریں کہ وہ شہداء کے لہو سے سینچی اس تحریک کو جاری و ساری رکھیں گے۔ احتجاجی کلینڈر میں بتایا گیا ہے کہ ہڑتال کال کا اطلاق 9ستمبرسے 16ستمبر تک پوری ریاست میں ہوگا اور اس دوران لوگوں سے کہا گیا کہ نماز مغرب سے نماز عشاءء تک آزادی کے ترانوں کی گونج جاری رکھی جائے۔