سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر پاک چائینہ رہاداری کی کامیابی کیلئے مشترکہ کوشش کریں ،لاہور ہوئیکورٹ بار ایسوسی ایشن

سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر پاک چائینہ رہاداری کی کامیابی کیلئے مشترکہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے باہمی اختلافات بھلا کر ملک کی سلامتی اور پاک چائینہ راہداری کی کامیابی کے لئے مشترکہ کوشش کریں۔ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس نے امریکہ بھارت سٹرٹیجک معاہدے کے خلاف قرار داد بھی منظور کر لی۔ یہ اجلاس صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔رانا ضیاء عبدالرحمن ،سیکرٹری بارمحمد انس غازی ،سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار احمد اویس، رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ، بیرسٹر ظفر اللہ خان ایڈووکیٹ نے قرار داد کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام اور عالم کفر دو قوتیں ہیں۔ ہندوستان ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے پاکستان کے وجود کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ پاکستان کو دولخت کیا اور اب پاکستان معاشی خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے تو اس نے پاک چائینہ راہداری کی راہ میں روڑے اٹکانے کیلئے امریکہ کے ساتھ دفاعی تعلقات استوار کرتے ہوئے ایک سٹرٹیجک معاہدہ کیا جس کا اولین مقصد پاکستان کے خلاف ہندوستان کے اڈوں کو استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائینہ راہداری کے حوالے سے انڈیا نے بلوچ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن حکومت بالخصوص پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے جس نے بلوچ عوام کے شعور کو اجاگر کرتے ہوئے جذبہ حب الوطنی سے سرشار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کی خامیوں کی وجہ سے پاکستان کے تعلقات ہمسایوں سے خوشگوار نہ ہو سکے۔ افغانستان میں امریکہ نے پنجے گاڑ رکھے ہیں اور وہ بھارت کو افغانستان پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے ساتھ ساتھ اس نے انڈیا سے دفاعی معاہدہ کر کے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا میں ایک ٹاک شو کے دوران یہ کہا گیا کہ پاکستان میں دو شریف ہیں۔ ایک شریف (راحیل شریف) کو ہندوستان اپنا بدتر دشمن اور دوسرے شریف (نواز شریف) کو انڈیا اپنا مخلص دوست سمجھتا ہے۔ انہوں نے حکمرانوں کو زور دے کر کہا کہ وہ آئین پاکستان کے تحت اٹھائے گئے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر وطن عزیز اور اس کے باسیوں کی خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے قائدین پر بھی زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات بھلا کر مربوط اور موثر خارجہ پالیسی تشکیل دیں اور ایک کل وقتی وزیر خارجہ مقرر کیا جائے۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارا ہے اور اسکی حفاظت بھی ہم ہی کریں گے اسکی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہمیں انتھک محنت کرنا ہو گی تاکہ آنے والی نسلوں کو ہم ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دے کرجائیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے باہمی اختلافات بھلا کر ملک کی سلامتی اور پاک چائینہ راہداری کی کامیابی کیلئے مشترکہ کوشش کریں۔ سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد انس غازی نے سردار آفتاب احمد ورک ایڈووکیٹ کی قرار داد رائے شماری کیلئے ہاؤس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت اور امریکہ کے مابین طے پا جانے والا یہ سٹرٹیجک معاہدہ کہ ’’ وہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے اڈے استعمال کر سکیں گے‘‘۔ بالخصوص پاکستان اور چین کے خلاف اور بالعموم بین الاقوامی امن کے خلاف ایک خوفناک معاہدہ ہے۔ ہم وکلاء قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی قومی سلامتی کے خلاف اس معاہدہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور نامنظور کرتے ہیں۔ ہم حکومت وقت اور پاک فوج سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ وہ مضبوط ترین قومی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اس معاہدہ کو رد کریں اور عالمی برادری میں اس کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں۔

مزید :

صفحہ آخر -