احتساب سے بھاگنے والےحکمرانوں کو ایک دن حساب دینا ہی پڑے گا :سراج الحق
لاہور(خبر نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں کا یوم حساب قریب ہے ،احتساب سے بھاگنے والوں کو ایک دن حساب دینا ہی پڑے گا ۔حکمرانوں نے سانحہ ڈھاکہ سے کچھ نہیں سیکھا اور اسے صرف جماعت اسلامی کا مسئلہ سمجھتے ہوئے بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکائے جانیوالوں کے حق میں کوئی آواز نہیں اٹھائی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہمارے قائدین کو پاکستان کا ساتھ دینے کے الزام میں پھانسیوں پر لٹکایا جارہا ہے اور ہمارے حکمران اسے بنگلہ دیش کا اندرونی مسئلہ قرار دیکر اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سمیت وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کرکے انہیں بنگلہ دیش میں کھیلی جانے والی خون کی ہولی کیخلاف عالمی فورمز پر آواز اٹھانے اور احتجاج کرنے کی درخواست کی مگر وزیر اعظم سمیت کسی نے بھی اس پر کوئی مثبت ردعمل نہیں دیا ،انہوں نے کہا کہ مفاد پرست حکمران سمجھتے ہیں کہ یہ جماعت اسلامی کا مسئلہ ہے حالانکہ سب جانتے ہیں کہ ہمارے بزرگوں کو 71ء میں پاکستان کا ساتھ دینے کے الزامات میں جیلوں اور کال کوٹھڑیوں میں بند کیا گیا اور آج نصف صدی بعد انہیں پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانے کے جرم میں پھانسیاں دی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکمران خواب غفلت سے جاگیں اور ان ہزاروں لوگوں کو بچانے کی فکر کریں جنہیں بنگلہ دیش کی قاتل وزیر اعظم حسینہ واجد نے پاکستان کا ساتھ دینے کے جرم میں جیلوں میں بند کررکھا ہے اور سینکڑوں کو سزائے موت اور عمر قید کی ظالمانہ سزائیں سنائی جارہی ہیں ۔