وزیر اعلی سندھ کا مختلف علاقوں کا دورہ،تاریخی عمارتوں کا جائزہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے تاریخی عمارتوں کا جائزہ لیا اور اپنے موبائل سے ان تاریخی عمارتوں کی تصاویربھی بنوائیں،جس کے بعد وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اولڈ سٹی ایریا میں باکڑہ ہوٹل اور اچھی قبر پہنچے جہاں انہوں نے عوام سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔وزیر اعلی کے سامنے کھارادر کے شہریوں نے شکایتوں کے انبار لگادیئے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ وہ لیاری کا امن ، ثقافت اور کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کریں گے۔مراد علی شاہ کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات بھی موجودتھے۔ مراد علی شاہ نے شہر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ کراچی کی سڑکوں کا برا حال ہے تاہم اسے درست کرنے کے لئے کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کراچی کے لئے 10 ارب کا اعلان کیا تھا۔ شہر کی صفائی ستھرائی کی حالت کو مزید بہتر کیا جائے گا۔