راشد منہاس کی قبر پر پاک فضائیہ کی جانب سے سلامی پیش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کراچی میں بھی 7ستمبرکویوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا گیا، یوم پاک فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے نے شہید راشد منہاس کی قبر پر حاضری دی اور پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی جبکہ شہدا کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق یومِ فضائیہ کے موقع پر نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی قبر پر کمانڈنگ آفیسر سدرن کمانڈ ایئر وائس مارشل سلمان احسن بخاری کی قیادت میں پی اے ایف کے دستے نے پاک فضائیہ کی جانب سے فاتحہ خوانی کی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور نوجوان پائلٹ کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے افسران نے کہا کہ ہم ایک ہیں اور ملکی دفاع کے لئے ہماری فوج ہر دم جان قربان کر کیلئے تیار ہے۔یاد رہے کہ 1971 میں راشد منہاس شہید نے اپنی جان اس وقت وطن پر قربان کی جب وہ اپنی پہلی سولو فلائٹ پر روانہ ہو رہے تھے کہ اچانک انکے انسٹرکٹر مطیع الرحمان طیارے کو رن وے پر روک کر سوار ہوگئے اور جہاز کا رخ دشمن ملک بھارت کی جانب موڑ دیا۔20 سالہ راشد منہاس نے دشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ دیا اور اس دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔