آپریشن ضرب عضب سے کراچی میں ا من قائم ہوا :گورنر سندھ

آپریشن ضرب عضب سے کراچی میں ا من قائم ہوا :گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ ضرب عضب کی وجہ سے پاکستان با لخصوص کراچی میں تیزی سے امن قائم ہوا، حکومت سندھ کی پوری کو شش ہے کہ امن و امان کے قیام کو مزید مستحکم کیا جائے اس ضمن میں عسکری و سیاسی قیادت قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی پلان پر کار فرما ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھائیں پاکستان سمیت خطے میں غربت کا خاتمہ اور ایسے عوامل کی بیخ کنی ہو سکے جس کے ذریعے معاشرے میں جرائم جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن اورترقی کیلئے مستحکم پاکستان انتہائی نا گزیرہے جبکہ پاکستان میں امن و امان کے قیام اور ترقی کا انحصار کراچی کے امن و ترقی سے وابستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے نئی تعینات ہونے والی امریکی قونصل جنرل Grace Shelton اور رخصت ہونے والے قونصل جنرل Brian Heath سے ملاقا ت کے دوران کہی۔گورنر سندھ نے سیکیورٹی اور امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور حاصل کامیابیوں اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بڑھتی ہوئی دلچسپی سے قونصل جنرلز کو تفصیلی آگاہ کیا ۔انہوں نے عزم ظا ہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ اور باالخصوص کراچی سے جرائم کے مکمل خاتمہ تک دہشت گردوں ، ٹارگٹ کلرز ، بھتہ خوروں اور اغوا ء برائے تاوان کے مجرمان کے خلاف ٹارگیٹیڈ آپریشن جاری رہے گا ، اس ضمن میں نہ صرف عسکری و سیاسی قیادت ایک پیج پر ہیں بلکہ وہ صوبہ سندھ سمیت پورے ملک سے ہر قسم کے جرائم کا خاتمہ کے لئے یکسو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جمہوریت ہی عوامی مسائل کا واحد حل ہے لیکن جمہوریت کی بقاء کیلئے ضروری ہے کہ احتساب کا عمل مستقل بنیاد پر جاری رہے ۔ انہو ں نے کہا کہ جس طرح ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی ہے وہ قابل تعریف ہے اور یہ بات بھی کھلی حقیقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ انہو ں نے کہا کہ معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم پاکستان خطے سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے ۔ انہو ں نے کہا کہ امریکہ کئی شعبوں میں پاکستان کی مدد کررہا ہے جس کیلئے پاکستانی عوام امریکی عوام کے احسان مند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً صوبہ سندھ میں کامیاب سرمایہ کاری کے لئے انتہائی موزوں ترین شعبے موجود ہیں جس کا امریکی سرمایہ کاروں کو بھرپور استفادہ اٹھانا چاہئے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ یو ایس ایڈ(US Aid) نے صوبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جن میں جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز ، گائنی وارڈ ( جناح اسپتال کراچی )سمیت صحت و تعلیم کے دیگر منصوبے شامل ہیں جس کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ اس موقع پر قونصل جنرل Brian Heath نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں بے انتہا استعدا د موجود ہے ضرورت اس سے فائڈہ اٹھانے کی ہے اس سلسلہ میں امریکہ کے سرمایہ کار اس جانب راغب ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے اپنی تعیناتی کے دوران پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور معاشی و اقتصادی طور پر پاکستا ن کو مستحکم کرنے کے لئے کام کئے اور آئندہ بھی وہ اس ضمن میں کام کرتے رہے گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تعیناتی کے دوران مجھے بہت محبت ملی کبھی بھی محسوس نہیں ہوا کہ میں امریکہ کے باہر ہوں یہاں کے لوگ بہت پیار و محبت کرنے والے ہیں ۔ نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل Grace Shelton نے گورنر سندھ کو بتایا کہ میری پوری کو شش ہو گی کہ پاک امریکہ تعلقات مزید مستحکم ہوں اور پاکستان با الخصوص صوبہ سندھ میں بیرونی سرمایہ کار وں خاص طور پر امریکہ سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرسکوں اس ضمن میں آپ (گورنر سندھ ) کا تعاون انتہائی مفید ثابت ہو گا۔ گورنر سندھ نے نئے تعینات ہونے والی قونصل جنرل کو اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔