نا معلوم افراد بینرز لگا رہے ہیں ،اللہ ان کو ہدایت دے :فاروق ستار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ کراچی میں نامعلوم افراد بینرز لگا رہے ہیں،ان کا پتہ لگا کر سدباب کرنا چاہیئے۔یہ بات انہوں نے بدھ کوراشد منہاس شہید کی قبر پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ کراچی میں نامعلوم افراد بینرز لگا رہے ہیں، اللہ ان نامعلوم افراد کو ہدایت دے۔ان نامعلوم افراد کا سدباب ہونا چاہیے کیونکہ یہ معمہ حل نہ ہونے تک کراچی کے معاملات حل کرنے میں مشکل ہو گی۔اس موقع پر انہوں نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائیہ میں سے ہے.ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانا ہے اور اپنے معیار کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیروز کو یاد نہ رکھنے والی قومیں مضبوط نہیں ہوتیں.شہر میں دیرپا اور پائیدار امن قائم کرنے کیلیے شہریوں کو اونرشپ دینی پڑے گی۔واضح رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ روز جو قائد تحریک کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے کے بینرز کے بعد اب جو ملک کا غدار ہے وہ موت کا حق دار ہے کے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں