حکومت کا بھاری مینڈیٹ ایک جھٹکا بھی برداشت نہیں کریگا :مولا بخش چانڈیو

حکومت کا بھاری مینڈیٹ ایک جھٹکا بھی برداشت نہیں کریگا :مولا بخش چانڈیو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ حکومت کا بھاری مینڈیٹ ایک جھٹکا بھی برداشت نہیں کر سکے گا۔ وہ دور گیا جب ایک آواز پرکراچی بند ہو جایا کرتا تھا، شہر پر حکمرانی کرنے والوں سے اختیارات چھن جائیں تو پریشانی ہوگی۔ ملک میں بہت ساری افواہیں زیر گردش ہیں اور ڈراؤنی باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔وہ بدھ کو کراچی پریس کلب میں اپنی 62ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ میں نے پوری زندگی میں کبھی سالگرہ نہیں منائی اور نہ منانے کا سوچا تھا ۔دن گنتی کرکے زندگی گذارنے کا عادی نہیں ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات میں افواہیں زیر گردش ہیں، جمہوریت میں کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے لیکن ڈراؤنی باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔ جمہوریت میں ہر کسی کو آزادی کے ساتھ کام کرنے دیا جانا چاہئے مگر بدقسمتی سے جمہوریت والوں کو بھی خوف پیدا کرنے کا شوق ہے۔ اپوزیشن کا کام جلسے جلوس کرنا ہوتا ہے لیکن حکومت اپوزیشن سے مقابلہ کر رہی ہے، حکومت کو چاہیے کہ اپوزیشن سے لڑنے کے بجائے پاناما لیکس کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے۔پائے کھانے والوں کا لڑائی جھگڑا کرنا کام نہیں ہے ۔ حکومت کو اپوزیشن کے احتجاج کو برداشت کرنا چاہیے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایسے رہنما بھی ہیں جنہوں نے مارشل لا کا عذاب برداشت کیا اور مجھے تکلیفیں برداشت کرنے والے رہنما اچھے لگتے ہیں۔ ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہوئی بلکہ کچھ حکمرانوں نے عوام کو جمہوریت سے مایوس کیاہے۔ اپنے دوستوں کی طرف دیکھتا ہوں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں پاکستان کے 22 خاندانوں میں شامل ہوگیا ہوں۔ وزیراعظم ٹھنڈے میٹھے اور کچھ وزرا نمک کی ڈھلیاں ہیں۔مشرف کے ساتھ رہنے والے اب مسلم لیگ کا بیڑا غرق کر رہے ہیں۔ حکومت کا بھاری مینڈیٹ ایک جھٹکا برداشت نہیں کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ حدود میں رہ کرباتیں کی جائیں اور برداشت کا مادہ پیدا کیا جائے ۔انصاف کے تقاضے پورا کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔جس آدمی یا ادارے سے خلق خدا کو تکلیف ہو وہ آزادی نہیں طاقت کا نشہ ہے۔میں ان اداروں سے بھی کہنا چاہتاہوں کہ وہ توازن برقرار رکھیں،جو انصاف کے منصب پہ بیٹھے ہیں ،وہ سب کو سنیں۔آپ کے فیصلوں سے انصاف کی خوشبو آنی چاہئے ۔ریمارکس سے کسی کو تکلیف نہیں دینی چاہیے ۔کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وہ دور گیا جب ایک آواز پر شہر بند ہو جایا کرتا تھا، شہر پر حکمرانی کرنے والوں سے اختیارات چھن جائیں تو پریشانی ہوگی۔ نامعلوم افراد کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بینر لگانے کے معاملے پر قابو پا لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اچھے انسان ہیں۔وہ کرپشن کے خاتمے کیلئے باہر نکلے ہیں ۔ میری دعاہے کہ وہ کامیاب ہوں۔سندھ ہر کسی کو خوش آمدید کہتا ہے لیکن سندھ کو فتح کرنے کی خواہش نہیں رکھنی چاہئے۔