نجی اسکولز والدین کو فیسوں میں رعایت دیں،جام مہتاب ڈھر
کرا چی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نجی اسکولز سے ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے پر سنجید گی سے غور کرے گی ،اگر یہ ادارے والدین کو فیسوں اور دیگر مد میں مراعات دیں ، بڑے نامور تعلیمی اداروں کو درمیانے طبقے سے تعلق رکھنے والے والدین کے لئے فیسوں میں رعایت پر غور کرنے کی ضرورت ہے یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کی ۔اس موقع پر پرائیوٹ اسکولز رجسٹرار رفیعہ ملاح اور ڈپٹی ڈائریکٹر اخلاق احمد بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ نجی اسکولز کی فیس اور وہاں کام کرنے والے اساتذہ کے سروس اسٹرکچر سے متعلق جامع تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے تاہم نجی اسکولز کے حقیقی مسائل کو حل کیا جائے گا لیکن کسی کو والدین اور طلباء کے لئے مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے پاس نجی تعلیمی اداروں کو مانیٹر کرنے کا باقاعدہ نظا م موجود ہے تاہم اس کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہ سب کو قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے ۔صوبائی وزیر تعلیم مہتاب حسین ڈھر نے کراچی ریجن کے 23کالجز کا پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات میں صفر کارکردگی دکھانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز کو فوری طور پر اس سلسلے میں رپورٹ پیش کرنے اور ان کالجز کے پرنسپلز کے خلاف ایکشن لینے کا حکم دیا ہے ۔