سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر عبدالوہاب سپرد خاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز ماہر تعلیم ، محمد علی جناح و کراچی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور آئی بی اے کے سابق ڈائیریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب کو بدھ کی دوپہر آہوں اور سسکیوں کے ساتھ جامعہ کراچی کے نزدیک قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ان کی نماز جنازہ جامعہ کراچی میں واقع مسجد ابراہیم میں ادا کی گئی جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ، دانشوروں ، سماجی رہنماوں،مرحوم کے عزیز و اقارب اور انکے طلبہ کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر جو نمایاں شخصیات موجود تھیں ان میں کراچی کے ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد قیصر، آئی بی اے کے ڈین و ڈائیریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال، محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ،جامعہ کراچی کے سابق وی سی ڈاکٹر پیر زادہ قاسم، سماجی و سیاسی رہنما دوست محمد فیضی اور ڈاکٹر تو صیف احمد خان قابل ذکر تھے دریں اثنامحمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ممتاز ماہر تعلیم اورماجو کے سابق صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کا ایک بہت قیمتی نقصان قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے انتقال سے پاکستان میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششوں پر بھی اثرات پڑیں گے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری محمد علی جناح یونیورسٹی مرحوم کے پسماندگان اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ان کے سوگواروں کے ساتھ برابر کی شریک ہیں۔ ڈاکٹر عبدالوہاب کی روح کی ایصال ثواب کے لئےّ ج محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں قرآن خوانی کی جائے گی۔