عوام کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،ضلع ناظم فہد خان
چارسدہ (بیورورپورٹ) ضلع ناظم فہد ریاض خان نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اس لئے ان پر ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ عوام کے مسائل اور مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ اپو زیشن سے مل کر ضلع چارسدہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنامشن ہے ۔ اپو زیشن نے ضلعی حکومت کی حمایت کو مسائل حل کرنے سے مشروط کر دیا ۔ڈی پی او چارسدہ کا ضلع کونسل کے اجلاس میں امن وآمان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل کا اجلاس زیر صدارت کنوینر مصور شاہ منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف محکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی ۔ تلاوت کلام پاک کے بعد ایجنڈہ پر تقریر کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد نے ضلع چارسدہ ،میں امن آمان کی صورتحال پر ایوان کو تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ پولیس اصلاحات کی وجہ سے محکمہ پولیس میں سیاسی اثر ورسوخ ختم ہو چکا ہے جبکہ پولیس کے احتساب کا عمل بھی جاری ہے ۔ ڈی آر سی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔پال کی وجہ سے اب عوام کو شناختی کارڈ ،گاڑی کاغذات کی ایف آئی آر اور دیگر سرٹیفکیٹ کے حصول میں بہت آسانی پیدا ہو چکی ہے ۔ ضلع کونسل کسی بھی پولیس آفسر کے خلاف قرار داد پاس کر کے آئی جی کو بھیج سکتا ہے ۔پولیس کے بروقت اقدامات سے دہشت گردی کے تین بڑے واقعات کو ناکام بنایا گیا ہے ۔ دہشت گردوں کے متعدد سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ سٹریٹ کرائم میں حاطر خواہ کمی ہوئی ہے ۔منتخب نمائندوں کے تعاون سے ضلع چارسدہ کو امن کا گہوارہ بنایا جائیگا۔ ضلع کونسل کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے اپوزیشن لیڈر قاسم علی خان محمد زئی نے کہا کہ اپوزیشن محکمہ پولیس سمیت تمام ریاستی اداروں اور ضلعی حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہے ۔ اے این پی او رجے یو آئی جمہوری پارٹیاں ہے اور جمہوریت کے فروغ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ اپوزیشن پیار اور محبت کے ماحول میں ایوان چلانے کی حامی ہے مگر اپوزیشن ممبران کے مسائل اور مشکلات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ اپوزیشن کو عوام نے ووٹ دیا ہے اور عوام ان سے توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں ۔ہم ذاتی مفادات کی بجائے عوام کی مفادات کی بات کر رہے ہیں او رایوان کے اندر اور باہر باہمی اخترام کو پروان دینا چاہتے ہیں ۔ ضلعی حکومت اپوزیشن کے مسائل اور مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تو اپوزیشن حکومتی بینچوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہیگی ۔ اجلاس میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مفتی نور الامین نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پر شدید تنقید کی اور کہا کہ منتخب ممبران سے موصوف کا رویہ توہین آمیز رہتا ہے ۔ اے این پی کے رضیہ سلطانہ نے خانمائی پولیس پر تنقید کی جبکہ پی ٹی آئی کے رکن سنیل خان نے ڈی آر سی میں عوامی نمائندہ گان کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم فہد ریاض خان نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اس لئے ان پر ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ عوام کے مسائل اور مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ اپو زیشن سے مل کر ضلع چارسدہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرناان کا مشن ہے اور بہت جلد اپوزیشن کے تمام مسائل حل کئے جائینگے ۔