کرپشن سے پاک نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ،محمود خان
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت،آثارِ قدیمہ اور امورِ نوجوانان محمود خان نے پارٹی ورکروں سے کہا ہے کہ وہ آپس میں باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پارٹی کو مزید فعال و مستحکم کرنے کیلئے اپنا مثبت کر دار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ضلع دیر لوئر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ایک تیس رکنی وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت بشیرخان، سید علی شاہ اور ملک انعام نے کی، جبکہ وفد نے صوبائی وزیر کو ضلع دیر لوئر میں پارٹی کی تنظیم سازی اور دیگر امور کے با رے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پارٹی منشور اور عمران خان کی وژن کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن میں مخلص کارکنوں کو اپنا جائز مقام دیکر پارٹی کے گراف کو مزید بہتر بنایا جائیگا اور کسی کی بھی حق تلفی نہ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرکے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملاکنڈریجن میں لیبر ونگ، وومن ونگ اور یوتھ ونگ کی تشکیلِ نو کی کوئی تنظیم سازی نہیں ہورہی ہے۔ تمام کارکنان صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور انشاء اللہ عید کے بعد ملاکنڈ کا تفصیلی دورہ کرکے تما م معاملات کو کارکنان کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائیگا۔انہوں نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملا کنڈ ریجن میں پی ٹی آئی کے نوجوان ،مخلص قیادت کوآگے لائینگے تاکہ وہ پی ٹی آئی کے وژن اور منشور کے مطابق تبدیلی لا نے میں کردار ادا کریں۔اس موقع پر وفد کے شرکا ء نے صوبائی وزیر کو پارٹی مزید فعال بنانے کیلئے مثبت اور ٹھوس تجاویز بھی پیش کیں۔