سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ’’آواز پنجاب ‘‘ کے نام سے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا
چندی گڑھ (مانیٹرنگ ڈیسک)کرکٹ سے ’’میدان سیاست ‘‘میں کودنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رہنما نوجوت سنگھ سدھو جن کے بارے میں اطلاعات تھیں کہ وہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں اور اروند کیجریوال کی طرف سے بھارتی پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے نے ان خبروں کو غلط ثابت کرتے ہوئے ’’آواز پنجاب‘‘ کے نام سے اپنی الگ پارٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی نجی چینل ’’ای ٹی وی‘‘ کے مطابق چندھی گڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے اروند کیجریوال کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیجریوال سمجھتے ہیں کہ اس زمین پر وہی ایک ایماندار آدمی ہیں،وہ مجھے اپنی پارٹی میں ایک ’’شو پیس ‘‘ کے طور پر رکھنا چاہتے تھے ،میں ان کے پاس نہیں گیا وہ خود میرے پاس آئے تھے ، کیجریوال کی نیت مجھے پنجاب میں الیکشن لڑوانے کی نہیں تھی،انہوں نے مجھے کہا تھا کہ آپ اپنی بیوی کو الیکشن لڑنے دیں، اور ہم ان (بیوی) کو کوئی وزارت دیدیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال کے نام بڑے اور درشن چھوٹے ہیں، میں نے کبھی ان سے وزیر اعلی کے عہدہ کا مطالبہ نہیں کیا تھا، لیکن اگر آپ کے نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں ، تو آپ کو اس کا حصہ بننا پڑے گا۔
مزید پڑھئے :ہمیں عید کے دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو نہیں بھولنا چاہیئے،ترجمان دفتر خارجہ
نوجوت سنگھ سدھو نے ’’ اکالی دل‘‘پر بھی خوب تنقید کی اور بادل خاندان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ایک خاندان نے برباد کر دیا ہے،پورے پنجاب کے بزنس کا فائدہ صرف ایک ہی خاندان نے اٹھایا، جس کی وجہ سے ریاست کی ترقی رک گئی۔ سدھو نے کہا کہ اب پنجاب اور 'پنجابیت کی فتح کے لئے
’’ آواز پنجاب‘‘ کام کرے گی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ خود غرضی کے بغیر پنجاب کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ سدھو نے کہا کہ بہت سے لوگ ہیں جو ہمارے ساتھ آئیں گے اور پارٹی میں شامل ہوں گے۔